’جرمن ضروری بنیادی خوراک سے محروم‘
30 جنوری 2019جرمن حکومت کی طرف سے جاری کی جانے والی ایک نئی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں بے روزگار افراد کی ایک تہائی تعداد غذائیت والی خوراک سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ جرمنی کے وفاقی ادارہ برائے شماریات کے مطابق جرمنی میں بے روزگار افراد کا 30.3 فیصد حصہ ہر دوسرے دن متوازن غذا خریدنے کے قابل نہیں ہے۔
اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بے روزگار افراد کا ایک تہائی یومیہ بنیادوں پر ضروری بنیادی خوراک نہیں خرید سکتا۔ یاد رہے کہ جرمنی یورپی یونین کا امیر ترین ملک ہے جبکہ اس کی اقتصادی نمو کی رفتار بھی دیگر رکن ریاستوں سے بہتر قرار دی جاتی ہے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جرمنی کی مجموعی آبادی کا ایک تہائی حصہ اچانک آ جانے والے اخراجات کو پورا کرنے کی خاطر سخت پریشان ہوتا ہے۔ لیفٹ پارٹی کے استفسار پر عوامی سطح پر جاری کی جانے والی یہ رپورٹ سن دو ہزار سترہ کے انکم، لوگوں کے رہن سہن کے حالات اور سماجی انضمام کے سروے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
اس سروے سے معلوم ہوا تھا کہ جرمنی میں سولہ برس سے زائد عمر کے ایک تہائی افراد اس حالت میں نہیں کہ وہ ایک ہزار یورو سے زائد کا اچانک خرچ برداشت کر سکیں۔ اس میں کار کی مرمت یا نئی واشنگ مشین کی خرید جیسے ہم اخراجات شامل کیے گئے تھے۔
جرمنی کی سیاسی جماعت لیفٹ پارٹی کی رکن پارلیمان زابینے زمرمان نے ایک جرمن اخبار سے گفتگو میں کہا کہ غربت کی وجہ سے جرمن شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جرمنی میں غربت کوئی چھوٹا سا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس سے تمام آبادی متاثر ہو رہی ہے۔‘‘