1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپاٹ فکسنگ، جرم یا پاکستان کے خلاف ’سازش‘؟

4 ستمبر 2010

انگلینڈ کے دورے پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں سے کرکٹ کے گھر کہلانے والے لارڈز میدان سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ایک تھانے میں میچ فکسنگ کے الزامات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔

https://p.dw.com/p/P44V
کامران اکمل اور محمد عامر ہوٹل سے باہر آتے ہوئےتصویر: AP

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ باؤلرز محمد آصف اور محمد عامر سے شمالی لندن میں کلبرن پولیس سٹیشن میں حکام نے ’سپاٹ فکسنگ‘ کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے اور بعد میں ان پر کوئی الزام عائد کئے بغیر انہیں جانے دیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی وکیل ایلزبتھ رابرٹسن کا البتہ مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں نے رضا کارانہ بنیادوں پر اپنے بیانات قلمبند کروائے ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں کا شکوہ ہے کہ برطانیہ میں انہیں ’ذہنی اذیت‘ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ معاملہ اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کی ابتدا ایک انگریزی روزنامے میں چھپی اس خبر سے ہوئی، جس کے مطابق پاکستانی گیند بازوں نے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں جان بوجھ کر نو بالز کرائیں اور غیر قانونی طریقے سے پیسے کمائے۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن کا کہنا ہے کہ کھلاڑی معصوم ہیں اور انہیں سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے۔ حسن کے بقول پاکستانی کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی اس کوشش میں بھارتی سٹے بازوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ حسن نے آئی سی سی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے محض عوامی رائے پر فیصلہ سنایا ہے۔

Cricket Testspiel Pakistan gegen England Oval Stadion
نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے دی تھیتصویر: picture-alliance/empics

آئی سی سی کے سربراہ ہارون لورگٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کے خلاف کوئی سازش نہیں کی ہوئی اور کونسل نے اپنا درست فیصلہ سنایا ہے۔ خیال رہے کہ آئی سی سی نے محمد آصف اور محمد عامر کو ایوارڈز کی حصول کی اس دوڑ سے بھی خارج کر دیا ہے، جس کے تحت عامر سال کے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر اور آصف بہترین کھلاڑی قرار دئے جاسکتے تھے۔

پاکستانی ٹیم کے مینیجر یاور سعید کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اس سے خوش نہیں تاہم وہ کوشش کر رہے ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچز میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ پاکستانی ٹیم اتوار کو انگلینڈ کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے میدان میں اترنے سے قبل ہفتے کو مشق کرے گی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں