1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں مظاہرے جاری، سکیورٹی فورسز کی فائرنگ

19 اپریل 2011

شام میں حکومت مخالف سینکڑوں مظاہرین نے گزشتہ رات حمص نامی شہرکے کلاک اسکوائرپرقبضہ جما لیا۔ خبررساں ادارے روئٹرز نےعینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ملکی سکیورٹی فورسزنے مظاہرین کومنتشر کرنےکے لیے فائرنگ بھی کی۔

https://p.dw.com/p/10vue
تصویر: picture alliance/abaca

حمص میں مظاہرین کے ساتھ شامل انسانی حقوق کے ایک کارکن نے روئٹرز کو بتایا کہ رات گئے جب مظاہرین نے کلاک اسکوائر پر قبضہ کرنے کے لیے پیش قدمی شروع کی تو سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے قبل پولیس نے لاؤڈ اسپیکروں پر مظاہرین سے کہا کہ وہ یہ اسکوائر ‌خالی کر دیں۔ تاہم صدر بشار الاسد کے خلاف مظاہرے کے لیے جمع ہونے والے ان مظاہریں نےعہد کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ وہاں سے نہیں ہٹیں گے۔

اس سے قبل وزارت داخلہ کی طرف سے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ایک پیغام میں شام میں نظر آنے والی تشدد کی لہر کا ذمہ دار سلفی تحریک کے مسلح حامیوں کو قرار دیا گیا اور کہا گیا یہ ’شر پسند عناصر عوام کو ہراساں‘ کر رہے ہیں۔

Syrien Banyas
مظاہرین نے فوری طور پر ایمرجنسی اٹھائے جانے اور عملی سیاسی اصلاحات کے حکومتی اعلان کا مطالبہ کیا ہےتصویر: AP

شامی صدر بشار الاسد اگرچہ گزشتہ ہفتہ کے روز یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ آئندہ ہفتہ تک سیاسی اصلاحات کا اعلان کر دیں گے تاہم مظاہرین نے فوری طور پر ایمرجنسی اٹھائے جانے اور عملی سیاسی اصلاحات کے حکومتی اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ شام میں انسانی حقوق کے سرکردہ کارکنوں کے مطابق وہاں مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے اب تک کم ازکم دو سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بشار الاسد کی حکومت نے ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد کر دی ہے کہ وہ ان مظاہروں کو رپورٹ نہ کریں جبکہ کئی غیر ملکی میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے بیشتر افراد کو بھی گرفتار یا ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو آٹھ افراد گولی لگنے سے ہلاک ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ’افراد مظاہرہ کر رہے تھے کہ فوج نے فائرنگ شروع‘ کر دی تھی۔

بشار الاسد کی بعث پارٹی کے خلاف مظاہرے ایک ماہ قبل شروع ہوئے تھے۔ جنوبی شہر درعا سے شروع ہونے والے یہ مظاہرے دیکھتے ہی دیکھتے ملک بھر میں پھیل گئے۔ دمشق حکومت کے مطابق ایک ریاست کے طور پر شام ایک ’غیر ملکی سازش‘ کی لپیٹ میں آیا ہوا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں