شکیب الحسن کو نئی اسپانشرشپ ڈیل مہنگی پڑ سکتی ہے
26 اکتوبر 2019بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے رواں ہفتے منگل کے روز قومی ٹیم کے سابق اسپانسر گرامین فون نامی موبائل فون آپریٹر کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کی ماليت ظاہر نہیں کی گئی۔ شکیب الحسن نے یہ معاہدہ ايک ایسے وقت پر طے کیا ہے، جب وہ بہتر تنخواہ اور سہولیات کے لیے کھلاڑیوں کی ہڑتال کا حصہ ہيں اور اس ضمن ميں جاری کوششوں کی قيادت بھی کر رہے ہيں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کے مطابق یہ عمل بورڈ کے ساتھ شکیب کے کانٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے بی سی بی کے صدر نجم الحسن کا کہنا ہے، ’’کرکٹ بورڈ کھلاڑی اور کمپنی دونوں سے اس کا معاوضہ وصول کرنے کی کوشش کرے گا۔‘‘ انہوں نے مقامی اخبار کو بتایا کہ بورڈ کے قوانین کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی معاف کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔
گرامین فون سن 2009 سے 2011ء تک بنگلہ ديشی قومی ٹیم کی اسپانسر تھی۔ حسن کے مطابق موبائل آپریٹر کمپنی نے سن 2015 میں ٹیم کی اسپانسرشپ کے لیے بولی لگانے کے بجائے کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی طور پر معاہدے کرنا شروع کر دیے جس کے نتیجے میں بورڈ کو بھاری مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ بعد ازاں بنگلہ دیشی ٹیم کی اسپانسرشپ کے لیے بولی حریف کمپنی نے جیت لی۔
حسن کے بقول اسی وجہ سے بورڈ نے کھلاڑیوں کو کسی بھی ٹیلی کام کپمنی کے ساتھ اشتہاری معاہدے کرنے سے روک دیا۔ بورڈ کے صدر نے قومی ٹیم کے کپتان کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔ واضح رہے بنگلہ دیش کو شکیب الحسن کی قیادت میں افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رواں ہفتے پیر کے روزکپتان شکیب الحسن کی سربراہی میں کھلاڑیوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے ساتھ منافع نہیں بانٹ رہا اور وہ ہڑتال کا اعلان کر رہے ہیں۔ بی سی بی کی جانب سے بدھ کے روز کھلاڑیوں کے بیشتر مطالبات قبول کر لیے گئے اور کھلاڑیو نے جمعہ سے ٹریننگ شروع کر دی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ بھارت کے دورے کے لیے روانہ ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
ع آ / ع س (نیوز ایجنسیاں)