میرکل چوتھی مرتبہ چانسلر نہ بنیں، ’پچاس فیصد جرمن عوام‘
28 اگست 2016خبر رساں ادارے روئٹرز نے اٹھائیس اگست بروز اتوار جرمن روزنامے ’بِلڈ ام زونٹاگ‘ میں شائع ہونے والے ایک جائزے کے نتائج کے حوالے سے بتایا ہے کہ انگیلا میرکل کے ایک مرتبہ پھر جرمن چانسلر بننے کے حوالے سے عوامی رائے تقسیم ہو کر رہ گئی ہے۔
اس سروے کے نتائج کے مطابق پچاس فیصد عوام چاہتے ہیں کہ میرکل چوتھی مرتبہ چانسلر کے عہدے پر براجمان نہ ہوں۔
اس سروے میں پولنگ کمپنی Emnid نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پانچ سو ایک افراد کی رائے معلوم کی اور پھر اِس کا مجموعی جرمن آبادی پر اطلاق کیا گیا۔
رائے دہندگان کے مطابق مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے میرکل کی پالیسی درست نہیں ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے میرکل کو مسترد کیا۔ گزشتہ برس جرمنی آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد ایک ملین رہی۔
اس بحران کے آغاز پر جرمن حکومت اور عوام نے مہاجرین کو خوش آمدید کہا لیکن بعدازاں دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں بہت سے ووٹرز میرکل کی مہاجر دوست پالیسی پر سوالات اٹھانے لگے۔
اب یہ صورتحال ہے کہ آئندہ برس وفاقی انتخابات میں میرکل کو پریشانیاں لاحق ہو سکتی ہیں۔ سروے کے نتائج کے مطابق البتہ بیالیس فیصد رائے دہندگان نے میرکل پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ امر اہم ہے کہ میرکل کو مہاجر دوست پالیسی پر نہ صرف عوام کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے بلکہ ان کی سیاسی اتحاد میں شامل متعدد سیاستدان بھی انہیں اس تناظر میں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
انگیلا میرکل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں بطور چانسلر کے امیدوار بننے کے حوالے سے اعلان مناسب موقع پر کریں گے۔ متوقع طور پر وہ آئندہ برس موسم بہار میں اس حوالے سے اپنا حتمی اعلان کریں گی کہ وہ چوتھی مرتبہ چانسلر شپ کے لیے میدان میں اتریں گی یا نہیں۔
دوسری طرف کچھ سیاسی ساتھیوں کی طرف سے تنقید کے باوجود میرکل کو اپنی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین میں کافی مضبوط حمایت حاصل ہے۔ میرکل کی پارٹی کے ستر فیصد ارکان انہیں چوتھی مرتبہ چانسلر کے عہدے پر دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ بائیس فیصد اس کے خلاف ہیں۔
اگر میرکل چوتھی مرتبہ بھی چانسلر منتخب کر لی گئیں تو وہ اس عہدے پر طویل ترین عرصے تک فائز رہنے والی خاتون سیاستدان بن جائیں گی۔ ابھی یہ اعزاز ہیلموٹ کوہل کو حاصل ہے، جو سن 1982 تا سن 1998 تک سولہ برس جرمن چانسلر کے عہدے پر براجمان رہے تھے۔
جرمنی میں آئندہ وفاقی الیکشن ستائیس اگست اور بائیس اکتوبر کے درمیان منعقد کروائے جائیں گے۔ انگیلا میرکل پہلی مرتبہ نومبر سن 2005 میں چانسلر کے عہدے کے لیے منتخب کی گئی تھیں۔ وہ مسلسل تین مرتبہ اس عہدے کے لیے میدان جیت چکی ہیں۔