ناوالنی کو زہر دینے کے معاملے پر بین الاقوامی سطح پر مذمت
3 ستمبر 2020جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے روسی حکومت اور صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کو زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ چانسلر میرکل نے بدھ کے روز صحافیوں کو ایک مختصر بیان دیتے ہوئے کہا، ''یہ بات یقینی ہے کہ الیکسی ناوالنی ایک جرم کا نشانہ بنے ہیں۔ انہیں خاموش کرنے کی کوشش کی گئی اور میں جرمن حکومت کی طرف سے اس عمل کی سخت ترین مذمت کرتی ہوں۔‘‘
الیسکی ناوالنی 22 اگست سے برلن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جرمن حکومت کے مطابق میڈیکل ٹیسٹ کے نتائج سے یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ناوالنی کو اعصاب متاثر کرنے والا مرکب 'نوویچوک‘ دے کر مارنے کی کوشش کی گئی تھی۔
ناوالنی کو زہر دینے کے معاملے پر مغرب کا غم و غصہ
جرمن حکومت کے اس اعلان کے چند ہی لمحوں بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت سامنے آنا شروع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیے: الیکسی ناوالنی کو ممکنہ طور پر زہر دیا گیا، جرمن ڈاکٹر
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو 'اشتعال انگیز‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ''روسی حکومت کو اب وضاحت کرنی ہوگی کہ مسٹر ناوالنی کے ساتھ کیا ہوا ہے۔‘‘
امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان اُلیوٹ نے ان نتائج پر شدید پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ الیکسی ناوالنی کو زہردینا مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔
یورپی یونین نے بھی ناوالنی کو زہر دے کر مارنے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لائن نے ٹویٹ کیا: 'یہ ایک قابل مذمت اور بزدلانہ عمل ہے۔ ایک بار پھر، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔‘‘
فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں یوس لی ڈریان نے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ادھر پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ مارسن پزیڈاکز نے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
روس کی جرمنی پر الزام تراشی
روسی حکام نے اس بارے میں کسی قسم کا تفصیلی بیان دینے سے گریز کرتے ہوئے جرمنی پر الزام عائد کیا ہے کہ برلن حکومت روسی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفتیش کے نتائج شیئر نہیں کر رہی۔ ماسکو حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روسی حکام مکمل تعاون اور معلومات کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔‘‘ پیسکوف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ روسی ڈاکٹروں کو ناوالنی کے جسم میں کوئی زہریلا مواد نہیں ملا تھا۔
مزید پڑھیے: روسی صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کی موت سے جنگ جاری
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جرمنی پر تنقید کرنے کے لیے روسی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو میں کہا کہ برلن حکومت ''کسی بھی قسم کے حقائق فراہم کیے بغیر ہی عوامی بیانات دے رہی ہے۔‘‘
جان شیلٹن / ع آ / ع ت