1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ٹیم کا دورہء ویسٹ انڈیز: آفریدی کی عدم دستیابی

2 اپریل 2011

حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے کھلاڑی شاہد آفریدی نے اسی مہینے شروع ہونے والے قومی ٹیم کے دورہء ویسٹ انڈیز میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10laW
شاہد آفریدیتصویر: AP

کراچی سے موصولہ رپورٹوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے جمعرات کو رات گئے بتایا گیا کہ اس 31 سالہ سٹار آل راؤنڈر کے مطابق وہ 18 اپریل سے شروع ہونے والے پاکستانی ٹیم کے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کے ان ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ وہ خود کو ذہنی طور پر اتنی اچھی حالت میں محسوس نہیں کرتے کہ قومی ٹیم کے ساتھ دورے پر کیربیین جا سکیں۔ روئٹرز کے مطابق آفریدی اس دورے کے لیے پاکستانی ٹیم میں ’بظاہر اس لیے شامل نہیں ہونا چاہتے کہ وہ فی الحال کرکٹ کے حوالے سے اپنے لیے ایک وقفے کے خواہش مند ہیں‘۔

Indien Cricketfan mit Hut
کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: UNI

شاہد آفریدی نے سن 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اختیار کر لی تھی مگر ان کے بارے میں توقع تھی کہ وہ پاکستانی ٹیم کے آئندہ دورہء ویسٹ انڈیز کے دوران ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں کھیلیں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے شاہد آفریدی کی قیادت میں اپنا آخری ون ڈے میچ موجودہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران تیس مارچ بدھ کے روز موہالی میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا، جو اس ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل تھا اور جس میں بھارتی ٹیم پاکستان کو 29 رنز سے ہرا کر دو اپریل ہفتہ کے روز ہونے والے فائنل میں پہنچ گئی تھی۔ فائنل میں بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔

پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی اب تک 320 ون ڈے، 27 ٹیسٹ اور 42 ٹوئنٹئ ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ محدود اووروں کے میچوں میں وہ گزشتہ برس سے پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، جس میں ان کے ویسٹ انڈیز نہ جانے کی صورت میں اب وقفہ آ جائے گا۔

اپنے ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران پاکستانی ٹیم وہاں دو ٹیسٹ، ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید