1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں طیارہ حادثے کا شکار، 43 افراد ہلاک

25 اگست 2010

چین میں لینڈنگ کے دوران ایک ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے جبکہ بچائے گئے تقریباً 53 زخمی مسافروں کو علاج معالجے کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/OvFn
تصویر: AP

یہ حادثہ چین کے شمال مشرقی صوبے ہیلونگ جیانگ میں منگل کے روز پیش آیا۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا، جب یہ طیارہ لینڈ کر رہا تھا۔ لینڈنگ کے دوران یہ ہوائی جہاز اچانک آگ کے شعلوں کے ساتھ تباہ ہو گیا۔ چین کے ریاستی میڈیا کے مطابق ’دی ہینان ایئر لائنز‘ کا جہاز صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر یچون کے ایئر پورٹ کے رَن وے پر تباہ ہو گیا۔

ابھی تک حادثے کی وجوہات کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ جہاز کے بلیک باکس فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کی تلاش جاری ہے۔

China / Flugzeugunglück / Henan Airlines / Bruchlandung
امدادی کارکن بچاوٴ اور راحت کی کارروائی میں مصروفتصویر: AP

تاہم سرکاری ٹیلی وژن کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یہ طیارہ شہر یچون میں گہری دھند کے دوران اُترتے وقت رَن وے سے آگے نکل گیا اور آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ ہینان ایئر لائنز کا یہ طیارہ صوبے ہیلونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن سے آ رہا تھا۔

حکام کے مطابق جہاز کے اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم تینتالیس افراد مارے گئے ہیں، جن کی نعشیں بر آمد کر لی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے جہاز کے دو ٹکڑے ہو گئے تھے۔ ملبے میں پھنسے 53 مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا اور اُنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

چینی خبر رساں ادارے سنہوا کے مطابق عملے نے حادثے سے چند لمحے پہلے کیبن سے کئی مسافروں کو باہر پھینکا۔ جہاز میں پانچ بچوں سمیت کل اکیانوے مسافر سوار تھے جبکہ جہاز کا عملہ پانچ اراکین پر مشتمل تھا۔

حادثہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے نو بجے شب پیش آیا۔ اس جہاز نے اپنی پرواز صوبے ہیلونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن سے شروع کی تھی اور محض چالیس منٹ کی پرواز کے بعد یہ حادثہ پیش آ گیا۔

مقامی ٹیلی وژن چینلز نے حادثے کی فوٹیج دکھائی۔ جہاز میں آگ لگنے کے فوراً بعد آگ بجھانے والے عملے نے رَن وے پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ ایئر کرافٹ ERJ-190 نامی جیٹ مسافر طیارہ برازیل کے ایرو سپیس اتحاد ایمبریئر کا تیار کردہ ہے۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے / گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجَد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں