1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی مواصلاتی نیٹ ورک کا قیام، میرکل کی تجویز

عابد حسین16 فروری 2014

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے تجویز کیا ہے کہ یورپ کے لیے ایک علیحدہ مواصلاتی نیٹ ورک وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اِس بابت فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1B9s6
تصویر: Picture-Alliance/dpa

انگیلا میرکل نے واضح کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے فرانس کے دورے کے دوران صدر فرانسوا اولانڈ کے ساتھ یورپی کمیونیکیشن نیٹ ورک قائم کرنے کے موضوع کو بات چیت کے ایجنڈے پر فوقیت دیں گی۔ ان کا خیال ہے کہ اس نیٹ ورک کے قائم ہونے کے بعد یورپی حکومتی اہلکاروں اور عوام کی ای میلز اور دوسرے ڈیٹا کی ترسیل امریکا کی رسائی سے دور ہو سکتی ہے۔ میرکل گزشتہ کچھ عرصے سے یورپی اقوام پر معلوماتی ڈیٹا کی زیادہ سخت حفاظت اور اُسے محفوظ رکھنے کو خاص طور پر بین الحکومتی مذاکرات میں ترجیح دے رہی ہیں

Symbolbild Sicherheit im Internet
امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے انگیلا میرکل کے ٹیلی فون رابطوں کی ریکارڈنگ سے بھی گریز نہیں کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آئندہ بدھ کو فرانس پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے اس دورے کے دوران مجوزہ یورپی مواصلاتی نیٹ ورک کے قیام کو خاص طور پر میزبان ملک کے صدر کے ساتھ زیر بحث لانا چاہتی ہیں۔ گزشتہ برس امریکا کے انٹیلیجنس ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جرمنی سمیت دوسری یورپی اقوام کی بڑی پیمانے پر جاسوسی اور حکومت اور عوام کے بارے میں ڈیٹا کولیکشن کے پروگرام کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد واشنگٹن حکومت کو اپنے اتحادیوں کے سامنے قدرے ندامت کا سامنا ہے۔ نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے انگیلا میرکل کے ٹیلی فون رابطوں کی ریکارڈنگ سے بھی گریز نہیں کیا تھا۔

انگیلا میرکل نے اپنے ہفتہ وار پوڈکاسٹ پیغام میں واضح کیا کہ جن ممالک میں گوگل اور فیس بُک جیسے اداروں کی جانب سے ڈیٹا کے کمزور حفاظتی انتظامات رکھے گئے ہیں، وہ ایسے جاری آپریشنز کو ناپسند کرتی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ گوگل اور فیس بُک نے جرمنی جیسے ملکوں میں ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے خاطر خواہ انتظامات کر رکھے ہیں۔ میرکل نے اس مناسبت سے بھی کہا کہ صدر اولانڈ کے ساتھ ڈیٹا پروٹیکشن کے موضوع پر بھی کھل کر بات ہو گی اور اِس کے عملی پہلووں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

Francois Hollande und Angela Merkel Disharmonie
فرانسیسی صدر اولانڈ اور جرمن چانسلر میرکلتصویر: BERTRAND LANGLOIS/AFP/Getty Images

میرکل کے مطابق یورپ کے اندر انٹر نیٹ اور ایسی دوسری سہولیات فراہم کرنے والوں کی جانب سے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے جو آن لائن سکیورٹی مرتب کی گئی ہے، اس کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ میرکل کے مطابق وہ اور فرانس مل کر کوشش کریں گے کہ اُن کے شہریوں کی ای میلز اور دوسرا ڈیٹا کسی طور پر بحر اوقیانوس کے پار نہ پہنچ پائے اور اِس کے لیے یورپی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کا ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر کے دفتر نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ پیرس حکومت نے برلن کی اِس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اِس معاملے پر ابتدائی غوروخوص شروع کر دیا ہے تا کہ جرمن چانسلر کی آمد پر بنیادی معلومات مذاکرات کے دوران پیش کی جا سکیں۔ پیرس سے صدر کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ جرمن حکومت کے ساتھ مل کر اس مناسبت عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں