اطالوی طیارے کو طرابلس لے جانے کی کوشش ناکام
25 اپریل 2011جرمن خبررساں ادارے ڈی پی اے نے اطالوی خبررساں ادارے انسا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ الیطالیہ ایئرلائن کی پرواز AZ329 اتوار کی شام فرانس کے دارالحکومت پیرس سے اڑی۔ ایک مسافر نے ناخنوں کی تزئین و آرائش کے لیے استعمال کیے جانے والے آلے (نیل فائل) کی مدد سے ایک فضائی میزبان پر ہلہ بول دیا۔
اس نے یہ کارروائی عالمی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے کی اور پرواز کا رخ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کی جانب موڑنے کا مطالبہ کیا۔
تاہم ایک دوسری فضائی میزبان کی بروقت مداخلت سے حملہ آور پر قابو پا لیا گیا۔ بعدازاں اسے غیرمسلح کر دیا گیا۔ مسافروں میں شامل ایک ڈاکٹر نے اسے بے ہوشی کی دوا دے دی۔
الیطالیہ ایئرلائن کے اعلامیے کے مطابق طیارے کے کیپٹن نے فوری طور پر روم کے ایئرپورٹ پر پولیس کو اطلاع دی۔ ایئرلائن کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملہ آور واضح طور پر مشتعل تھا۔
یہ مسافر طیارہ عالمی وقت کے مطابق آٹھ بج کر پانچ منٹ پر اپنے طے شدہ شیڈول پر روم کے فيوميتشينو ہوائی اڈے پر اتر گیا، جہاں ایئرپورٹ پر پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔ حملہ آور کا تعلق قازقستان سے بتایا جاتا ہے۔ تاہم خبررساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ اس مشتبہ شخص کی کارروائی کا مقصد واضح نہیں ہے۔ اس کا نام Valeriy Tolmashev بتایا گیا ہے جبکہ اس کی عمر اڑتالیس برس ہے۔
’انسا‘ کے مطابق طیارے پر 131مسافر سوار تھے، جو سب محفوظ رہے۔ ایک فضائی میزبان معمولی زخمی ہوئیں، جنہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ تاہم ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: شامل شمس