1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ، پانچ افراد ہلاک

شمشیر حیدر24 ستمبر 2016

امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر برلنگٹن کے ایک شاپنگ مال میں مسلح شخص کی فائرنگ سے چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس فائرنگ کے بعد جائے واردات سے فرار ہونے والے حملہ آور کی تلاش میں ہے۔

https://p.dw.com/p/1K7Xz
USA Schießerei in Burlington
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Lund

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کی امریکی شہر سیاٹل سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق جمعے کی شب ایک مسلح شخص نے برلنگٹن کے مصروف شاپنگ مال میں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد جائے واردات سے فرار ہو گیا۔ واشنگٹن سٹیٹ پیٹرول کے ترجمان سارجنٹ مارک فرانسس نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس کو ایک ہسپانوی شخص کی تلاش ہے جسے فائرنگ کے بعد شاپنگ مال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ رائفل سے مسلح اور سیاہ لباس میں ملبوس اس مشتبہ حملہ آور کو سی سی کیمروں کی فوٹیج میں قریبی موٹر وے ’انٹر اسٹیٹ فائیو‘ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

حکام نے ابھی تک اس حملے کے محرکات کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔ پولیس ترجمان فرانسس کا کہنا تھا، ’’ہم ابھی تک حملہ آور کی تلاش میں ہیں۔ براہ مہربانی اپنی حفاظت کی خاطر گھروں سے باہر مت نکلیے۔‘‘

ابتدا میں پولیس کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ تین خواتین ہلاک ہوئی ہیں جب کہ ایک مرد شدید زخمی ہوا ہے۔ فائرنگ کے اس خونریز واقعے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے زخمی خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں چار خواتین ہلاک ہوئی ہیں۔

USA Schießerei in Burlington
برلنگٹن کے اس مصروف شاپنگ مال کا آغاز 1990 میں ہوا تھا۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Lund

پولیس ترجمان کے مطابق حملے کے فوراﹰ بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں شاپنگ مال پہنچ گئیں جس کے بعد مال کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

مال میں واقعہ ایک اطالوی ریسٹورینٹ کی مینیجر سٹیفنی بُوزے کا کہنا تھا کہ انہوں نے فائرنگ کے فوراﹰ بعد ریسٹورینٹ کے دروازے مقفل کر دیے تھے۔ بُوزے کا کہنا تھا، ’’وہ (مسلح شخص) مال میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور لوگ خوف سے چیخ رہے تھے۔ یہ بہت ہی بھیانک منظر تھا۔‘‘

گزشتہ ہفتے بھی امریکی ریاست مینیسوٹا کے ایک شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو سے وار کر کے دس افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ ظاہر احمد عدن نامی ایک بیس سالہ شخص نے کیا تھا جسے شاپنگ مال میں موجود ایک پولیس افسر نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

USA Schießerei in Burlington
پولیس کو ایک ہسپانوی شخص کی تلاش ہے جسے فائرنگ کے بعد شاپنگ مال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔تصویر: picture-alliance/dpa/Washington State Patrol
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید