1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران نے امارات میں سات برس بعد پہلا سفیر مقرر کر دیا

5 اپریل 2023

ایران نے 2016 کے بعد پہلی بار متحدہ عرب امارات کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ ایران کی خلیجی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ کی اپنے سعودی ہم منصب سے جمعرات کو بیجنگ میں ملاقات بھی ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4PiAb
Reza Ameri
تصویر: entekhab.ir

تہران  نے منگل کے روز بتایا کہ اس نے متحدہ عرب امارات کے لیے نئے سفیر کی تقرری کر دی ہے اور رضا امیری جلد ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔

اگست میں متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور وہاں اپنے سفیر کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ نئی پیش رفت خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان تعلقات کو ازسرنو استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ سن 2016 میں ایک معروف شیعہ رہنما کو سعودی حکومت کی جانب سے پھانسی دیے جانے کے بعد ایرانی مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارت خانے پرحملہ کر دیا تھا، جس کے بعد ریاض نے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی بعد میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کم کر لیے تھے۔

ایران اور سعودی عرب کے درمیان برسوں کی مخاصمت نے خلیج میں استحکام اور سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کردیا تھا اور اس سے مشرق وسطیٰ سے لے کر یمن تک تصادم کو بھی ہوا ملی تھی۔ لیکن گزشتہ ماہ ایک غیر معمولی تبدیلی اس وقت آئی جب چین کی ثالثی میں ریاض نے تہران کے ساتھ اپنے تعلقات دوبارہ قائم کر لیے۔

سعودی عرب اور شام کے مابین تعلقات بحال ہو جائیں گے

متحدہ عرب امارات کا دوبئی ایک طویل مدت سے بیرونی دنیا کے ساتھ ایران کا سب سے اہم رابطہ رہا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے ایران کے نئے سفیر رضا امیری وزارت خارجہ میں بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان جمعرات کے روز بیجنگ میں ملاقات ہونے والی ہے
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان جمعرات کے روز بیجنگ میں ملاقات ہونے والی ہےتصویر: Sven Hoppe/dpa Pool/picture alliance I Salvatore Di Nolfi/KEYSTONE/picture alliance

ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات

ایک ایرانی سرکاری عہدیدار اور سعودی ملکیت والے اخبار کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان جمعرات کے روز بیجنگ میں ملاقات ہونے والی ہے۔

دونوں ملکوں کے اعلیٰ ترین عہدیداروں کے مابین گزشتہ سات برسوں کے دوران یہ پہلی ملاقات ہو گی۔

سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کی ملاقات رمضان میں

ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا،"چین کی سہولت کاری میں دونوں وزرائے خارجہ 6 اپریل کو بیجنگ میں ایک دوسرے سے ملاقات کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔"

سعودی ملکیت والے اخبار الشرق الاوسط نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس ملاقات میں گذشتہ ماہ اعلان کردہ تعلقات کی بحالی کے لیے معاہدے کے مواد کو فعال کرنے اور سفیروں تبادلے کے طریقہ کار پر بات کی جائے گی۔

سعودی عرب اور ایران کی سرکاری دوروں کی منصوبہ بندی

اخبار کے مطابق  "سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے لیے چین کا انتخاب ایک معاہدے تک پہنچنے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کرنے میں بیجنگ کے مثبت کردار کی توسیع کا حصہ ہے۔"

ج ا/ ص ز (روئٹرز)