1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیشی ٹی ٹوئنٹی لیگ، پاکستانی کھلاڑیوں کو اجازت نہ ملی

18 دسمبر 2011

پاکستانی کرکٹرز کو بنگلہ دیش میں ہونے والے پرکشش ٹی ٹوئنٹی لیگ مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں ملی تاکہ وہ اگلے مہینے انگلینڈ کے خلاف دبئی اور ابو ظہبی میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز پر توجہ مرکوز کر سکیں۔

https://p.dw.com/p/13V1d
تصویر: AP

کراچی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بنگلہ دیش میں26 دسمبر کو شروع ہونے والی اس پریمیئر لیگ میں کھیلنے کے لیے نو پاکستانی کھلاڑیوں کو معاہدوں کی پیشکش ہوئی تھی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان میں سے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کئی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیشی ٹوئنٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

جن پاکستانی ٹیسٹ کھلاڑیوں کو اس پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی، ان میں یونس خان، شعیب ملک، عمران فرحت، محمد حفیظ اور عبدالرحمٰن شامل ہیں۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا مینیجر ندیم سرور کے بقول پی سی بی کے انکار کی وجہ پاکستانی ٹیم کا آئندہ ٹیسٹ شیڈول ہے۔

Younis Khan Kapitän der pakistanischen Cricket Nationalmannschaft
یونس خان کو بھی بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ میں شمولیت کی اجازت نہیں ملیتصویر: AP

ندیم سرور نے کہا،’ پی سی بی کی رائے میں ایک ایسے وقت پر جب پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک اہم ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی ہے، یہ بات مناسب نہیں کہ قومی ٹیم کے سرکردہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کو کسی دوسرے ملک کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کی اجازت دے دی جائے۔‘

پی سی بی کے میڈیا مینیجر نے کہا کہ فی الحال اس مرحلے پر کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو بنگلہ دیشی لیگ کے لیے معاہدے پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

Shoaib Malik
پاکستانی کرکٹرشعیب ملکتصویر: AP

جن دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش میں مختلف کلبوں کی طرف سے اسی لیگ کے لیے معاہدوں کی پیشکش کی گئی تھی، ان میں کامران اکمل کے علاوہ وہاب ریاض، عمر اکمل اورسہیل تنویر بھی شامل ہیں۔

ان میں سے کم ازکم دو کھلاڑیوں نے ابھی حال ہی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی حصہ لیا تھا۔ پاکستانی ٹیم اس وقت بنگلہ دیش کا دورہ کر رہی ہے، جہاں وہ ان دنوں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کھیل رہی ہے۔ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم اگلے ہفتے بنگلہ دیش سے واپس وطن لوٹے گی۔

نو جنوری کو پاکستانی ٹیم کو دبئی روانہ ہونا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سترہ جنوری کو شروع ہو گا۔ اس دورے کے لیے پاکستانی اسکوڈ میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں