1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرازیل

برازیل کی آزادی کے 200 سال - ایک ٹوٹے وعدے کی کہانی

7 ستمبر 2022

ایسے بہت کم ممالک ہیں جو برازیل کی طرح قدرتی وسائل کی دولت سے مالامال ہیں۔ اس کے باوجود یہاں غربت ایک عام سی بات ہے۔ ریو میں ڈی ڈبلیو کے نمائندے فلپ لشٹربیک اپنے تبصرے میں برازیل کے ماضی و حال پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4GWuC
برازیل ریو ڈی جنیرو میں حضرت عیسیٰ کا مجسمہ
ریو ڈی جنیرو، برازیل تصویر: Matthew Stockman/Getty Images

برازیل  کی تاریخ ایک عظیم وعدے کی کہانی کے طور پر بیان کی جاسکتی ہے۔ ایک ایسی قوم کی کہانی، جس کے پاس امیر اور خوشحال ہونے کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔ برازیل کے پاس وسیع زرخیز علاقہ ، طویل دریاؤں کے ہزاروں حصے، دنیا کا سب سے بڑا برساتی جنگل،  بے پناہ حیاتیاتی تنوع، تقریباﹰ گیارہ سو کلومیٹر ساحلی پٹی اور معدنی وسائل کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ چار براعظموں کے اثرات، تجربات اور صلاحیتوں سے بھری اس کی آبادی میں شاید ہی مزید تنوع ہوسکتا ہے۔

لیکن اہم ترین سوالات یہ ہیں کہ برازیل اب تک اپنے تمام تر ترقیاتی عزائم پورے کیوں نہیں کرسکا؟ برازیل کے تقریباﹰ 63 ملین عوام غربت کی سطح سے نیچے کیوں رہتے ہیں؟ اور 125 ملین افراد کو اپنی خوراک کی حفاظت کی ہر وقت فکر کیوں ستاتی رہتی ہے؟ کیوں ملک کے کسانوں کا محض ایک فیصد حصہ اپنی زمین کے صرف پینتالیس فیصد حصے کا مالک ہے؟  سیاہ فام افراد ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ بنتے ہیں لیکن ابھی تک کوئی افرو-برازیلئن ملک میں سربراہی عہدے تک کیوں نہیں پہنچ سکا؟ اور کیوں ہر سال پچاس ہزار برازیلی قتل ہوتے ہیں، اوسطاﹰ 130 یومیہ؟ ویانا کے ایک مصنف اسٹیفن سوائیگ نے سن 1941 میں برازیل کی ان گنت صلاحیتوں کا اندازہ لگاتے ہوئے اسے ''مستقبل کی سرزمین‘‘ قرار دیا تھا۔ لیکن یہ ملک اپنی آزادی کے دو سو سال بعد بھی اپنے سنہرے مستقبل کا انتظار ہی کر رہا ہے۔

 ریو میں ڈی ڈبلیو کے نمائندے فلپ لشٹربیک
ریو میں ڈی ڈبلیو کے نمائندے فلپ لشٹربیکتصویر: Privat

برازیل کا قیام، ایک جمہوریہ کے بجائے بادشاہت کے طور پر

برازیلین  قوم کی داستان سن 1822 کے دوران ایک داغ کے ساتھ شروع ہوئی۔ لاطینی امریکہ کے ہسپانوی زبان بولنے والے دیگر نوآبادی علاقوں  کے برعکس، برازیل جمہوریہ کے بجائے شاہی نظام کے ساتھ سامنے آیا۔ ریاست کے پہلے سربراہ شہنشاہ پیڈرو اول تھے، جو پرتگال کے سابق ولی عہد تھے۔ اقتصادی طور پر برازیل کا 16ویں صدی سے شمال مشرق میں چینی کی پیداوار پر انحصار رہا۔ زراعت کی صنعت پر چند خاندانوں کا کنٹرول تھا، جو بادشاہت کی حمایت کرتے تھے اور انہیں بدلاؤ میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اسی دوران 18ویں صدی میں 'گولڈ رش‘ کے عروج کے سبب برازیل کا جنوب مشرقی حصہ تجارت کا مرکز بننا شروع ہو گیا اور دارالحکومت  سلواڈور سے ریو منتقل کر دیا گیا۔

نئی ریاست کی پہلی دہائیاں براعظم میں ہسپانوی بولنے والی ری پبلکس کے مقابلے میں کم افراتفری کا شکار تھیں۔ اس کے باوجود، پیڈرو کی مقبولیت میں کمی آئی۔ بڑے زمینداروں کی ناراضگی کو مول لیتے ہوئے، اس نے انگلینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدے کیے جس میں برازیل نے غلاموں کی درآمد بند کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ تاہم غلاموں کے تاجروں نے اس کی پرواہ کیے بغیر اپنا کاروبار جاری رکھا۔ برازیل کی سفید فام اشرافیہ نے دوسرے لوگوں کے استحصال اور جبر کو اپنا حق سمجھا جسے انہوں نے نسل پرستانہ سوچ کے اعتبار سے بھی جائز  قرار دیا۔ یہ ذہنیت آج تک برازیل کی اشرافیہ  کی خصوصیت بنی ہوئی ہے۔

سماجی نظام: شاید ہی کوئی تبدیلی آ سکی

برازیل کا طبقات پر مبنی سماجی نظام دو سو سالوں میں مشکل سے بدل سکا، اگرچہ اسے جدیدیت کی جانب بار بار دھکیلنے کی کوشش کی جاتی رہی۔ سن 1950 کی دہائی میں، برازیل نے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کی، سرکاری تیل کمپنی پیٹروبراس کی بنیاد رکھی گئی اور ایک نیا دارالحکومت بنایا گیا۔ برازیلیا، جس کا افتتاح سن 1960 میں ہوا۔ یہ شہر قوم کی خوابیدہ عظمت کی علامت بن گیا۔

صرف چار سال بعد فوج نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ یکم اپریل سن 1964 کو جرنیلوں نے امریکہ کی حمایت سے بغاوت کی۔ انہوں نے کمیونسٹ سرگرمیوں کے ساتھ بغاوت کو جائز قرار دیا۔ نیشنل ٹروتھ کمیشن کے مطابق 21 سالوں کے دوران 434 سیاسی قیدیوں سمیت تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار مقامی لوگوں کو قتل کیا گیا۔ ہزاروں افراد کو حراست میں لیا گیا اور اذیتیں دی گئیں۔ ان جرائم سے قانونی طور پر کبھی بھی نہیں نمٹا گیا۔ یہی ایک وجہ ہے کہ برازیل کی سیاست اب بھی فوج کے منفی اثر میں ہے۔

دوبارہ جمہوریت آنے کے بعد ابتدائی چند سالوں میں، برازیل میں ایک پرانا مسئلہ جو فوجی آمریت  کے دوران کافی دب گیا تھا، دوبارہ واضح ہو گیا: اور وہ بدعنوانی کا مسئلہ تھا۔ یہ بھی بنیادی طور پر اعلیٰ طبقے کے لیے ایک مسئلہ ہے، جو بظاہر عوامی فنڈز کو ضائع کرنا معمول سمجھتے ہیں۔

فیصلہ کن موڑ پر کھڑا پر ملک

21ویں صدی کے آغاز میں برازیل کو آخرکار بہتر بنانے کا احساس بائیں بازو کی ورکرز پارٹی (PT) کے لولا دا سلوا کو اقتدار میں لے آیا۔ سابق یونین لیڈر نے غربت سے لڑنے کے لیے پروگرام شروع کیے تھے۔ وہ اقتصادی ترقی کے سال تھے، اور جب لولا نے سن 2011 میں عہدہ چھوڑا تو برازیل دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن چکا تھا۔

لیکن ایک مرتبہ پھر سے حالات تبدیل ہوگئے۔ ملک ایک معاشی بحران میں پھنستا گیا۔ اس میں تیل کمپنی پیٹروبراس کے گرد گھومتا کرپشن اسکینڈل بھی شامل تھا۔ اس کے بعد ایک سیاسی، سماجی اور اخلاقی بحران پیدا ہو گیا جس نے برازیل کو آج تک اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

صدر بولسونارو کے حمایتی
صدر بولسونارو کے حمایتی کارکنتصویر: Silvia Izquierdo/AP/picture alliance

بحران انتہا پسندوں کے لیے ہمیشہ اچھا وقت ہوتا ہے اور اسی طرح سن 2018 میں انتہائی دائیں بازو کے سیاسی اعتبار سے ناتجربہ کار شخص جیئر بولسونارو  صدر منتخب ہوگئے۔ وہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے کھڑے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ریاست کو منہدم کرنا شروع کر دیا ہے۔ تعلیم، ثقافت اور سب سے بڑھ کر ماحولیاتی تحفظ کے لیے فنڈز میں بڑے پیمانے پر کٹوتیاں کیں۔ ان کی حکومت میں برازیل کے سب سے بڑے خزانوں میں سے ایک، ایمیزون کے جنگل کی تباہی ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے۔ بولسونارو فوج کو بھی ریاستی معاملات میں لے آئے ہیں اور انہوں نے انتہائی قدامت پسند ایوینجلیکل گرجا گھروں کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔

اپنی آزادی کے 200 سال بعد برازیل ایک بار پھر ایک دوراہے پر کھڑا ہے: کیا یہ زیادہ جدید، منصفانہ ہوتا جا رہا ہے اور کیا یہ آخر کار اپنی صلاحیت کو سب کے فائدے کے لیے استعمال کر سکتا ہے - یا پھر یہ واپس ماضی کی جانب ہی لوٹ رہا ہے؟

تبصرہ:  فلپ لشٹربیک (ع آ / ش ر )