1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تمباکو نوشی اور غدہ مثانے کا سرطان

4 جولائی 2011

امریکی طبی محققین کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے مردوں کے اندر غدہ مثانے کے کینسر کے سبب ہونے والی اموات کے خطرات تمباکو نوشی نہ کرنے والے مردوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11obc
پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص الٹرا ساؤنڈ کے ذریعےتصویر: DW

غدہ، مثانہ کے امراض کے ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے ایسے مرد، جو پراسٹیٹ یا غدہ مثانہ کے کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں، کے اندر سرطان زا رسولیوں کے بہت تیزی سے بڑھنے اور پھیلنے کے خطرات تمباکو نوشی نہ کرنے والے مردوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اور ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ سے منسلک ریسرچرز نے ایسے مردوں پر تحقیق کی، جو پراسٹیٹ یا غدود مثانہ کے سرطان کی تشخیص کے وقت تمباکو نوشی کرتے تھے۔ اس کے نتائج سے پتہ چلا کہ تمباکو نوشی کرنے والے مردوں کے اندر پراسٹیٹ کے سرطان کے سبب موت واقع ہونے کے امکانات اسی بیماری میں مبتلا ایسے مردوں کے مقابلے میں 61 فیصد زیادہ تھے، جنہوں نے زندگی میں کبھی تمباکو نوشی نہیں کی۔ محققین نے اپنی اس ریسرچ میں یہ بھی پتہ لگایا کہ تمباکو نوشی کرنے والے غدود مثانہ کے کینسر کے زیر علاج مریضوں کے اندر اس موذی مرض کے دوبارہ جنم لینے کی شرح کے امکانات بھی ایسے مریضوں کے مقابلے میں 60 فیصد سے زائد ہوتے ہیں، جنہوں نے زندگی میں سگریٹ کو کبھی ہاتھ بھی نہ لگایا ہو۔

Dossierbild Rauchverbot Nichtraucherschutz 3
تمباکو نوشی سرطان کی مختلف اقسام کا باعث بنتی ہےتصویر: AP

پراسٹیٹ یا غدود مثانہ ممالیہ نروں کا غدود ہوتا ہے، جو سپرم سیلز کو متحرک کرنے والا اینزائم خارج کرتا ہے۔ اس غدود کے کینسر یا سرطان کے کئے اسٹیجز ہوتے ہیں۔ تشخیص مرض کے اُس مرحلے کو، جہاں تمباکو نوشی اور اس بُری عادت سے پرہیز کرنے والے دونوں طرح کے مریضوں میں ہنوز کینسر پھیلا نہیں ہوتا، Non-metastatic Cancer کہتے ہیں۔ تمباکو نوشی کرنے والے ایسے مریضوں میں بھی پراسٹیٹ کینسر کے سبب اموات کے امکانات 80 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔

امریکی میڈیکل ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے ایسے مرد، جنہوں نے دس سال یا اس سے زائد عرصے سے تمباکو نوشی ترک کر رکھی ہو، ان کے اندر اس عارضے کے دوبارہ جنم لینے یا اس کے سبب ہلاک ہونے کے خطرات اُتنے ہی پائے گئے، جتنے کہ تمباکو نوشی نہ کرنے والے مردوں کے اندر۔

Brokkoli macht resistente Krebszellen verwundbar
جرمنی میں غدہ، مثانہ کے کینسر کے بارے میں بہت زیادہ ریسرچ ہو رہی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے ایک پروفیسر اور اس نئی تحقیق کی رپورٹ کے ایک سینئر مصنف Edward Giovannuci کے بقول،’یہ اعداد و شمار اس لیے اہم ہیں کہ ان کے بارے میں جاننے کے بعد مرد غدود مثانے کے کینسر کے سبب ہلاک ہونے کے خطرات پر قابو پا سکتے ہیں‘۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں