1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرے وَن ڈے میں سری لنکا کی جیت

15 نومبر 2011

سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو پچیس رنز سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ اوپنر اپل تھارنگا اور فاسٹ بولر لاستھ ملنگا نے سری لنکا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/13AZC
اپل تھارنگاتصویر: picture alliance / empics

اپل تھارنگا نے 77 اور مہیلا جے وردھنے نے 50 رنز بنائے، جس کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے جانے والے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 235 کا مجموعی اسکور بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے اسپنرز سعید اجمل نے61 رنز کے عوض تین جبکہ شاہد آفریدی نے 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ملنگا نے اپنے پہلے ہی اوور میں پاکستان کی دو وکٹیں لے لیں۔ یوں انہوں نے پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کی کوشش مشکل بنا دی تھی۔ انہوں نے محمد حفیظ کو چار رنز پر پویلین بھیج دیا جبکہ یونس خان کو صفر کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔

یہ دونوں کھلاڑی وکٹ کیپر کمارا سنگاکارا کی جانب سے لیے گئے کیچز کا شکار بنے۔ ملنگا نے نے مجموعی طور پر31 رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ حفیظ کو آؤٹ کر کے ملنگا نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 150 وکٹیں بھی مکمل کیں۔

پریرا نے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ انہوں نے عمران فرحت کو تین کے اسکور پر شکار بنایا۔ اس وقت تک پاکستان تین کھلاڑیوں کے نقصان پر گیارہ کے مجموعی اسکور پر کھڑا تھا۔

سری لنکا کے فیلڈرز نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت تین پاکستانی بیٹسمین رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے فاسٹ بولر تھیسارا پریرا نے 30 رنز دے کر دو وکٹیں لیں جبکہ دلہارا فرنینڈو نے 54 رنز کے عوض دو ہی وکٹیں لیں۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Umar Akmal
عمر اکملتصویر: APImages

عمر اکمل نے91 رنز بنائے۔ یوں وہ پاکستانی اسکواڈ کی جانب سے 30 سے زائد رنز بنانے والے واحد بیٹس مین رہے۔

یوں پوری پاکستانی ٹیم سینتالیسویں اوور میں 210 کے مجموعی اسکور پر ہی آؤٹ ہو گئی۔

اس جیت کے ساتھ سری لنکا نے پاکستان کے ساتھ پانچ میچوں کی سریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ تین میچ ابھی باقی ہیں۔ اگلا وَن ڈے اٹھارہ نومبر کو دبئی ہی میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں