ستر سالہ بھارتی خاتون کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
10 مئی 2016نیوز ایجنسی اے ایف پی کی نئی دلی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر کی رہائشی ستر سالہ دالجندر کور کے ہاں ایک لڑکے کی پیدائش ہوئی، کور کے خاوند کی عمر 79 سال ہے۔ بچے کی پیدائش کے لیے دالجندر کور کا دو سال تک ہریانہ کے ایک ہسپتال میں ’آئی وی ایف‘ In vitro fertilisation طریقہ کار سے علاج کیا گیا۔
بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اس معمر جوڑے کی شادی چھیالیس سال قبل ہوئی تھی۔ کور کا کہنا ہے کہ اس کی ماں بننے کی امید وقت کے ساتھ ختم ہو چکی تھی۔ ایسے معاشرے میں جہاں اولاد نہ ہونا خدا کا عذاب سمجھا جاتا ہے، اس جوڑے کے لیے یہ وقت بہت مشکل تھا۔
اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دالجندر کور کا کہنا تھا، ’’خدا نے آخر کار ہماری دعائیں سن لیں۔ یوں لگتا ہے جیسے اب ہماری زندگی مکمل ہو گئی ہے۔ میں اپنے بچے کی دیکھ بھال خود ہی کر رہی ہوں، میرے خاوند بھی بہت خوش ہیں اور وہ بھی بچے کی پرورش میں ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔‘‘
کور کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ’آئی وی ایف‘ طریقے سے بچے کی پیدائش کے بارے میں ایک اشتہار دیکھا تو انہوں نے بھی یہ طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت میں عام طور پر معمر لوگوں کے پاس پیدائش کا سرٹیفیکیٹ نہیں ہوتا، کور نے اپنی عمر 70 سال بتائی ہے جب کہ کلینک کا کہنا ہے کہ ان کی عمر بہتر سال ہے۔
نیشنل فرٹیلیٹی اینڈ ٹیسٹ ٹیوب سینٹر، جہاں کور کا علاج کیا گیا تھا، کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بچہ صحت مند ہے اور اس کا وزن 4.4 پاؤنڈ ہے۔
کور کے خاوند مہندر سنگھ گِل امرتسر کے نواح میں کھیتی باڑی کا کام کرتے ہیں۔ مہندر سنگھ کا کہنا تھا کہ انہیں ان کی عمر کے بارے میں باتیں کرنے والے لوگوں کی پرواہ نہیں ہے۔ معمر جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام ارمان رکھا ہے۔
اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں مہندر سنگھ گل کا مزید کہنا تھا، ’’لوگ کہتے ہیں جب ہم مر جائیں گے تو ارمان کا خیال کون رکھے گا۔ لیکن ہمیں خدا پر پورا یقین ہے، وہ ہر جگہ اور ہر وقت موجود ہے اور وہی ہمارے بیٹے کا خیال بھی رکھے گا۔‘‘
آئی وی ایف طریقے سے علاج کرنے والے انوراگ بشنو کا کہنا تھا کہ ابتدا میں وہ کور کا علاج کرنے سے ہچکچا رہے تھے تاہم جب ان کے ٹیسٹ کیے گئے تو انہیں پتا چلا کہ دالجندر کور ماں بننے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
بھارت میں اس سے قبل 2008ء میں بھی اسی طریقے سے اُتر پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک بہتر سالہ خاتون کے ہاں جڑواں بیٹے پیدا ہوئے تھے۔