فرانس: ماکروں نے صدارت کی دوسری مدت کا حلف اٹھا لیا
7 مئی 2022اس موقع پر فرانسیسی صدر نے اپنی مختصر تقریر میں کہا کہ دنیا اور فرانس کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئے طریقہ کار کی ضرورت ہے۔ ماکروں کے بقول، ''ہمیں ایک ساتھ مل کر ماضی میں آزمائی گئی روایات اور معمول کے برعکس نئے طریقے ایجاد کرنے کی ضرورت ہے، جن کے ساتھ ہم ایک نیا نتیجہ خیز، سماجی اور ماحولیاتی نظام تعمیر کر سکیں۔‘‘
ماکروں کا مزید کہنا تھا کہ ان کا دوسرا دور اقتدار پہلے کے مقابلے میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے 'احترام‘ اور 'غور‘ سے کام کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
صدر ماکروں نے یوکرین میں روسی حملے اور عالمی سطح پر ماحولیاتی خطرات کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔
فرانسیسی صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ماکروں نے اٹھاون اعشاریہ پانچ فيصد ووٹوں کے ساتھ انتہائی دائیں بازو کی سیاست دان مارین لی پین کو شکست دی تھی۔
فرانس میں پارلیمانی انتخابات
تقریب حلف برداری میں تقریباً پانچ سو افراد نے شرکت کی، جن میں سابق صدر فرانسوا اولانڈ، سابق وزیر اعظم ایڈوارد فلپ، مانویل والس، الین یوپے، ژاں پیئر رفارین سمیت دیگر مذہبی رہنما اور سرکاری اہلکار شامل تھے۔
ماکروں کی حلف برداری کے بعد ملک میں صدارتی انتخابات کی مہم کا خاتمہ ہوگیا لیکن جون میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے الیکشن مہم شروع ہو جائے گی۔ اس کے لیے ملک میں بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں نے نیا اتحاد قائم کیا ہے، جس میں انتہائی بائیں بازو سے لا فرانس انسومیس، سوشلسٹ پارٹی، گرین اور کمیونسٹ پارٹی شامل ہیں۔
دوسری جانب دائیں بازوں کی سیاسی جماعت لیس ریپبلیکان بھی آج ہفتے کو نیشنل کونسل کا اجلاس منعقد کر رہی ہے۔
ماکروں، یورپ دوست رہنما
ایمانویل ماکروں یورپی اتحاد کے حامی ہیں اور وہ آئندہ ہفتے پیر کے روز نو مئی کو منائے جانے والے 'یومِ یورپ‘ کے موقع پر اسٹراسبرگ میں یورپیئن پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ اپنے پہلے غیر ملکی دور پر جرمن چانسلر اولاف شولس سے ملاقات کرنے کے لیے برلن آئیں گے۔
ع آ / ع س (روئٹرز، اے ایف پی)