1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچ گئیں

11 اکتوبر 2022

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی منگل کی صبح پاکستان پہنچ گئیں۔ وہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔

https://p.dw.com/p/4I1IP
Aktivistin Malala Yousafzai - Teilnehmerin des "Graduate Together" Programm
تصویر: Reuters/EIF/XQ Handout

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی ایک نجی ایئر لائن کی پرواز سے منگل کی صبح کو اپنے والدین کے ساتھ کراچی پہنچیں۔ اس دوران ان کی حفاظت کے لیے کراچی ایئر پورٹ پر سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت پہلے سے ہی جاری کردی گئی تھی اور پولیس کی خصوصی یونٹ انہیں سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔ انہیں سخت حفاظتی انتظامات میں دادو میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں  میں لے جایا جائے گا۔

ملالہ یوسفزئی پاکستان پہنچ گئیں

’آج میری زندگی کا سب سے بڑا دن ہے‘، ملالہ یوسفزئی

سمجھا جاتا ہے کہ وہ اپنے ملالہ فنڈ سے بھی سیلاب سے متاثرین کی مدد کا اعلان کریں گی۔

ملالہ کا پاکستان کا دوسرا دورہ

وادی سوات میں سن 2012 میں اپنے اسکول سے واپس لوٹتے وقت طالبان کی گولیوں سے زخمی ہوجانے والی ملالہ یوسف زئی کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔

ملالہ پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ ملالہ کو خواتین کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے پر جب طالبان نے نشانہ بنایا اس وقت ان کی عمر صرف  15 برس کی تھی۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد علاج کے لیے برطانیہ لے جایا گیا تھا۔

ملالہ واپس چلی گئیں

خواتین کی تعلیم کے لیے ان کی کوششوں کے اعتراف میں انہیں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔ 17 برس میں نوبل انعام حاصل کرنے والی وہ سب سے کم عمرترین شخصیت ہیں۔

ملالہ برطانیہ جانے کے بعد سن 2018 میں پہلی مرتبہ پاکستان آئی تھیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملالہ یوسف زئی نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

ملالہ نے اس موقع پر پاکستان میں آنے والی حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے بالخصوص اسکولوں اور تعلیمی انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پاکستانی وزیر اعظم نے ملالہ یوسف زئی کی جانب سے سماجی مسائل اور بالخصوص بچیوں کی تعلیم کی ان کی کوششوں کی تعریف کی تھی۔

ج ا/ ص ز (ایجنسیاں)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید