1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میر پور ٹیسٹ، توفیق عمر کی سنچری

19 دسمبر 2011

توفیق عمر کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے میر پور ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام تک 292 رنز بنا لیے ہیں۔ بنگلہ دیش کو ابھی بھی چھیالیس رنز کی سبقت حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/13VcR
توفیق عمر 144 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھےتصویر: DW

شیر بنگال اسٹیڈیم میر پور میں جاری اس ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھی دھند اور خراب روشنی کی وجہ سے کھیل متاثر ہوا۔ جب کھیل مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا تو یونس خان اڑتالیس جبکہ کپتان مصباح الحق چھبیس کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے قبل پاکستانی بلے بازوں نے دوسرے دن کے اسکور ستاسی ایک کھلاڑی آؤٹ پر تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو توفیق عمر اور اظہر علی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اظہر علی ستاون رنز کے انفرادی اسکور پر شکیب الحسن کی گیند پر مشفق الرحیم کو کیچ دے بیٹھے۔

Younis Khan Cricketspieler
یونس خان اڑتالیس کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤت ہیںتصویر: AP

تاہم یونس خان نے کریز پر آ کر توفیق عمر کے ساتھ ایک اچھی پارٹنر شپ قائم کی۔ اس دوران توفیق عمر 144 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 256 گیندوں کا سامنا کیا اور سولہ چوکے لگائے۔ وہ ناظم الحسین کی ایک عمدہ گیند پر شہر یار نفیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

توفیق عمر کے آؤٹ ہونے کے بعد منجھے ہوئے کھلاڑی اور کپتان مصباح الحق نے اپنے منفرد انداز میں محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تیسرے دن کے اختتام تک انہوں نے پچاس گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھبیس رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے کامیاب ترین بولر ناظم الحسین رہے، جنہوں نے بیس اوورز کیے اور دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سابق کپتان شکیب الحسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے اسکور 338 کے جواب میں 292 رنز بنا لیے ہیں۔ بنگلہ دیش کو ابھی بھی 46 رنز کی برتری حاصل ہے۔ ناقدین کے خیال میں اگر اس ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستانی بلے بازوں نے تیزی سے رنز نہ بنائے تو یہ ٹیسٹ میچ برابر ہو سکتا ہے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں چٹا گانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو ایک اننگز اور 184 رنز سے شکست دے دی تھی۔ اگر میر پور ٹیسٹ برابر بھی ہوجاتا ہے تو بھی پاکستان یہ سیریز ایک صفر کے مقابلے میں جیت جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں