1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو کے سابق صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہٹلر سے تشبیہ دے دی

شامل شمس28 فروری 2016

سابق صدر کالڈیرون کا کہنا ہے کہ امریکی ریپبلکن پارٹی کی صدارتی امیدواری کے خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ نسل پرست ہیں اور ان کو دوسری جنگ عظیم سے قبل جرمنی میں ابھرنے والے نازی رہنما آڈولف ہٹلر کی طرز کا رہنما سمجھنا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/1I3nl
تصویر: Reuters/J. Young

میکسیکو کے سابق صدر فلیپی کالڈیرون نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جرمن نازی رہنما ہٹلر سے تشبیہ دی ہے۔ کالڈیرون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرمپ کی ریپبلکن پرائمریز میں فتوحات سے دنیا بھر میں امریکا مخالف جذبات کو تقویت مل رہی ہے۔

میکسیکو کے سابق صدر نے اتوار کے روز کہا کہ ٹرمپ کا مہاجرین مخالف رویہ اور بیانات تمام مہاجرین کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ ان کے خلاف ہے جو کہ ’’رنگ میں ان سے مختلف ہیں‘‘ اور یہ ایک نسل پرستانہ بات ہے۔ کالڈیرون کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ امریکی عوام کے سماجی خوف کو استعمال کر رہے ہیں جیسا کہ ہٹلر نے اپنے وقت میں کیا تھا۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ ٹرمپ امریکا کو ایک ایسے ملک میں تبدیل کر رہے ہیں جس کے پڑوسی اس سے نفرت کرنے لگیں گے۔ واضح رہے کہ میکسیکو کینیڈا اور چین کے بعد امریکا کا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ہے اور اس کی طویل سرحد امریکا سے ملتی ہے۔

ٹرمپ پہلے ہی میکسیکو کے عوام کو یہ کہہ کر ناراض کر چکے ہیں کہ میکسیکو امریکا میں قاتل اور ریپسٹ منتقل کر رہا ہے اور یہ کہ وہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں امریکا میں غیر قانونی طور پر آباد میکسیکو کے افراد کے گرد گھیرا تنگ کریں گے۔ وہ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر باڑ بھی لگانا چاہتے ہیں، جسے کالڈیرون نے احمقانہ تجویز قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ کالڈیرون سن دو ہزار چھ سے دو ہزار بارہ تک میکسیکو کے صدر کے عہدے پر فائز رہے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں