1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں بھارت اور پاکستان میں مقابلہ؟

جاوید اختر، نئی دہلی
9 نومبر 2023

بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہو سکتی ہیں۔ 'قدرت کا نظام' اور پوائنٹس کا حساب بھی اشارہ کررہے ہیں کہ شائقین کو کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ ایک بار پھر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4YasO
لیگ راونڈ کے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا تھا
لیگ راونڈ کے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا تھاتصویر: Francis Mascarenhas/REUTERS

بھارت میں کھیلا جانے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ سیمی فائنل میں تین ٹیمیں، بھارت جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا اپنی جگہ بنا چکی ہیں جبکہ چوتھی پوزیشن کے لیے تین دعویدار ہیں۔ پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان۔

تمام امکانات کے درمیان کرکٹ کے شائقین سیمی فائنل میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے کی دعا کر رہے ہیں اور 'قدرت کا نظام' اور پوائنٹس کے حساب بھی ان کی خواہش پوری ہونے کی جانب اشارہ کررہا ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ شائقین ایک بار پھر بابر اعظم اور روہت شرما کے کھلاڑیوں کو آمنے سامنے دیکھ سکیں گے۔

یہ کیسے ممکن ہو گا؟

بھارت اور نیدرلینڈز کے درمیان مقابلے کے نتائج سے قطع نظر بھارت پوائنٹس ٹیبل میں پہلے ہی اول مقام پر پہنچ چکا ہے۔ آٹھ میچوں سے بھارت کے 16پوائنٹس ہیں اور دوسری پوزیشن پر جنوبی افریقہ کے 14پوائنٹس ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے ایک ایک میچ باقی ہیں۔ پاکستان کا مقابلہ11 نومبر کو انگلینڈ سے ہوگا، نیوزی لینڈ کا آج نو نومبرکو سری لنکا سے مقابلہ ہے جب کہ افغانستان اپنا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔

پاکستان بمقابلہ بھارت: نئی انتہاؤں کو چھوتی پیچیدہ رقابت

سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو انگلینڈ کو ہرانا ہو گا دوسری طرف اسی سری لنکا کی مدد کی ضرورت ہو گی یعنی پاکستان چاہے گا کہ سری لنکا اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا دے۔ گوکہ 1996کی ورلڈ چیمپیئن ٹیم کو دیکھ کر ایسا مشکل نظر آتا ہے لیکن یہ ناممکن بھی نہیں ہے۔

آٹھ میچوں سے 16پوائنٹس کے ساتھ بھارت پوائنٹس ٹیبل میں پہلے ہی اول مقام پر پہنچ چکا ہے
آٹھ میچوں سے 16پوائنٹس کے ساتھ بھارت پوائنٹس ٹیبل میں پہلے ہی اول مقام پر پہنچ چکا ہےتصویر: Manish Swarup/AP Photo/picture alliance

اگر مگر پھر بھی باقی

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ہی ہارنے کے بعد اگر افغانستان جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ہار گیا تو سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رہ جائے گی بشرطیکہ وہ اپنے اپنے میچ جیت جائیں۔ اگر افغانستان جنوبی افریقہ کے خلاف رنوں کے بڑے فرق سے جیت جاتا ہے تو تینوں ٹیموں کے 10 پوائنٹس ہوں گے (بشرطیکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ اپنے اپنے فائنل میچ بھی جیتیں)۔ اس صورت میں چوتھے پوزیشن کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ (این آر آر) سے ہوگا۔ فی الحال نیوزی لینڈ کا این آر آر +0.398 ہے جب کہ پاکستان کا این آر آر +0.036 ہے۔ یعنی اگر کیوی ٹیم ایک رن سے جیتتی ہے تو پاکستان کو این آر آر میں اوپر پہنچنے کے لیے اسے کم از کم 131 رنوں سے جیت حاصل کرنی ہو گی۔

پاک بھارت کرکٹ کی تاریخ کے پانچ تلخ ترین واقعات

بہر حال اگر پاکستان اپنا میچ جیت جاتا ہے اور نیوزی لینڈ اور افغانستان دونوں گروپ مرحلے میں اپنے آخری میچ ہار جاتے ہیں تو بابر اعظم کی قیادت والی ٹیم چوتھے نمبر پر رہے گی اور سیمی فائنل میں بھارت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فارمیٹ کے مطابق سیمی فائنل میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ہو گا۔

بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نظر ہو گیا تھا اور ڈی ایل ایس سسٹم سے پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا تھا
بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نظر ہو گیا تھا اور ڈی ایل ایس سسٹم سے پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا تھاتصویر: Aijaz Rahi/AP Photo/picture alliance

'قدرت کا نظام'

آج بنگلور میں طوفان اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور بارش کی وجہ سے بھی این آر آر پر کافی فرق پڑے گا۔ اگر میچ نہیں ہوتا ہے تو ایک ایک پوائنٹ تقسیم ہوجانے سے نیوزی لینڈ نو پوائنٹس پر اپنا لیگ راونڈ ختم کرے گا۔ لیکن پاکستان انگلینڈ پر فتح حاصل کرنے کی صورت میں سب سے آگے نکل سکتا ہے۔

بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نظر ہو گیا تھا اور ڈی ایل ایس سسٹم سے پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔ جس پر سوشل میڈیا پر "قدرت کا نظام" ٹرینڈ کرنے لگا تھا۔

کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت پاکستان کو ہرا کر فائنل میں

دراصل یہ اصطلاح گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سامنے آئی تھی جب جنوبی افریقہ پر نیدرلینڈز کی غیر متوقع فتح کے نتیجے میں پاکستان مقابلے سے باہر ہونے کی دہلیز پر پہنچ کر دوبارہ مقابلے میں لوٹ آیا تھا۔

کرکٹ کے شائقین ایک بار پھر اسی طرح کے 'قدرت کا نظام' کی توقع بھی کررہے ہیں۔