1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوے مضبوط یادداشت کے حامل ہوتے ہیں

8 دسمبر 2011

جاپان کے ریسرچرز نے دریافت کیا ہے کہ کوے کئی دوسرے پرندوں کے مقابل میں انتہائی بہتر یادداشت کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ عموماً ایک عمل کو ایک سال تک یاد رکھ سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13OrQ
تصویر: AP

جاپانی محققین کے خیال میں کوے مضبوط یادداشت کے علاوہ رنگوں کو بھی ایک سال تک پہچاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جاپان کے شہر اُٹسونومیا (Utsunomiya) کی معتبر قومی یا نیشنل یونیورسٹی میں قائم ریسرچر لیبارٹری برائے فنکشنز اور مارفالوجی کے پروفیسر شُوئی سگیٹا (Shoei Sugita) نے اس مناسبت سے کامیاب ریسرچ کی ہے۔

پروفیسر شُوئی سگیٹا نے اس ریسرچ کی تکمیل میں ایک سال کا عرصہ لیا ہے۔ انہوں نے چار مختلف بڑے کنٹینروں میں خوراک کی فراہمی کے ساتھ ان کے ڈھکنوں کو ایک مخصوص رنگ دے دیا۔ ایک سال بعد کووں نے یہ پہچان لیا کہ کس رنگ کے کنٹینر میں ان کے لیے کون سی خوراک موجود ہو گی۔ کل چوبیس کووں کو ان کنٹینروں میں رکھی خوراک اور رنگوں کے ساتھ رکھا گیا اور پھر ان کی یادداشت کا امتحان لیا گیا۔ کووں کی یادداشت کے امتحان کے وقت سرخ، سبز، زرد اور نیلے رنگ کے کنٹینر بھی رکھے گئے تھے۔ یہ کوے ان مختلف رنگوں والے کنٹینروں میں بند کیے گئے تھے۔ بعد میں مختلف کووں نے اپنے اپنے رنگوں کو درست انداز میں پہچانا اور خوراک کے حصول میں کامیاب رسائی کی۔

Freitag der 13. Flash-Galerie
کووں کو ذہین پرندوں میں شمار کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/ ZB

کووں کی جانب سے خوراک اور رنگوں کی پہچان کے اس عمل پر ریسرچرز حیران ہو کر رہ گئے۔ پروفیسر شُوئی سگیٹا کے خیال میں کوا ایک ذہین پرندہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے خاصی ہوشیاری اور مہارت کی ضرورت ہے۔ ریسرچرز نے تجویز کیا ہے کہ کووں کو کئی معاملوں سے دور رکھنے کے طریقے ابھی تک دستیاب نہیں ہیں اور اس مناسبت سے ان کی یادداشت کو الجھانے کے لیے نت نئے طریقے اور رنگوں کا استعمال ضروری ہے۔

اُٹسونومیا یونیورسٹی کے پروفیسر شُوئی سگیٹا کی ریسرچ کو جاپان کے ادارے چھابو الیکٹرک پاور کمپنی نے بھی سپانسر کیا ہے۔ یہ کمپنی بلند و بالا کھمبوں کے ساتھ نصب کی جانے والے پلاسٹک میں لپٹی موٹی تاروں کے نظام کو بہتر کرنا چاہتی ہے۔ کئی جاپانی پرندے کھمبوں سے جڑے تاروں پر بھی انڈے دینے سے گریز نہیں کرتے۔

جاپان میں عام لوگ کووں کے شور شرابے سے خاصے پریشان رہتے ہیں۔ جاپان کے شہروں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں پر بھی یہ شور مچاتے پائے جاتے ہیں۔ جمع شدہ کوڑے سے خوراک کو تلاش کرنے میں وہ اسے ارد گرد پھیلانے میں بھی مصروف رہتے ہیں۔ اس باعث تعفن اور بدبو بھی شہریوں کو پریشان کرتی ہے۔ دارالحکومت ٹوکیو کے باسیوں کے لیے تو یہ خاصی پریشانی کا باعث ہیں۔

مارفالوجی کا مضمون بنیادی طور پر علم حیوانات یا زوآلوجی کا ایک ذیلی مضمون ہے۔ اس میں جانوروں کی اشکال اور ہیئت کے علاوہ نروس سسٹم کا مطالعہ کرنے کے علاوہ ان کی آوازوں پر بھی غورو فکر کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں