کھلاڑی میچ فکسنگ کے خطرات سے آگاہ ہیں، آفریدی
7 ستمبر 2010خبررساں ادارے AFP کے مطابق بعض تجزیہ کاروں نے سوال اٹھائے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ممکنہ کرپشن کے خطرات سے مناسب طور پر آگاہ کیا گیا تھا یا نہیں؟ تاہم شاہد آفریدی نے پیر کو صوفیہ گارڈنز میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’آئی سی سی کے لوگ ہمارے پاس آ رہے ہیں اور فکسنگ سے متعلق معاملات پر گفتگو کر رہے ہیں. مجھے لگتا ہے کہ ہم سب کو اس بارے میں معلوم ہے اور آئی سی سی کے اہلکار اپنا کام کر رہے ہیں۔ ‘
آفریدی نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی مسئلہ تو اسے ٹیم منیجر سے بات کرنی چاہئے۔
پاکستان کے ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ، باؤلرز محمد عامر اور محمد آصف کو انٹرنیشنل کرکٹ سے عبوری طور پر معطل کیا جا چکا ہے۔ آئی سی سی نے یہ فیصلہ ان کھلاڑیوں کے بارے میں برطانوی اخبار ’دی نیوز آف دی ورلڈ‘ میں میچ فکسنگ کے الزامات کی اشاعت کے بعد کیا۔
اُدھر محمد عامر کی کم عمر کے حوالے سے بعض سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ آئی سی سی کے سربراہ ہارون لوگاٹ اور انگلینڈ کے سابق کپتان Michael Atherton کی جانب سے محمد عامر کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر، اس کے خلاف سزا کا فیصلہ کرتے ہوئے، اس کی عمر کا لحاظ کئے جانے کی تجویز سامنے آ چکی ہے، جسے پاکستانی ٹیم کے ایسوسی ایٹ منیجر شفقت رانا نے خارج از امکاں قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’میرے خیال میں سزا سب کے لئے ایک جیسی ہونی چاہئے۔‘
دوسری جانب پاکستانی ٹیم میں قیادت سے متعلق ایک نیا بحران کھڑا ہو سکتا ہے۔ سلمان بٹ کو معطل کئے جانے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی جگہ خالی ہے۔ سلمان بٹ چاہتے ہیں کہ یہ جگہ سابق کپتان یونس خان کو ملے۔ سلمان بٹ کے مطابق پاکستانی کرکٹ کی بہتری کے لئے یونس کو کپتان بنایا جانا چاہئے۔ یونس فی الحال ٹیم سے باہر ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: شادی خان سیف