کیا پرندے ایک ہی گھونسلہ دوبارہ استعمال کرتے ہیں؟
3 مئی 2024عام اصول یہی ہے کہ پرندے ایک گھونسلہ فقط ایک بار استعمال کے لیے بناتے ہیں اور خصوصاﹰ ایسے گھونسلے جو پیڑوں وغیرہ پر تنکوں کی مدد سے کھلے آسمان تلے بنائے جاتے ہیں، دوبارہ استعمال نہیں کیے جاتے۔ زندگی میں کئی بار انڈے سینے والے پرندے عموماﹰ ہر بریڈنگ سیزن میں ایک نیا گھونسلا بناتے ہیں کیوں کہ گھونسلے کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد ایسا مضبوط نہیں ہوتا، جو دوبارہ استعمال کے قابل ہو۔
پرندے جانوروں کے بال کیوں چراتے ہیں؟
آپ سے چڑیاں روٹھ جائیں، خدا نہ کرے!
پرندے گھونسلے میں نہیں رہتے
پرندوں کے بارے میں ایک عمومی رائے یہ ہے کہ شاید پرندے گھونسلوں میں رہتے ہیں۔ حقائق تاہم یہ ہیں کہ پرندے گھونسلے فقط انڈے سینے کے لیے بناتے ہیں اور عام حالات میں وہ کبھی کسی گھونسلے میں نہیں رہتے۔
حتیٰ کہ یہ گھونسلے بھی پرندے بار بار نئی اور مختلف جگہوں پر بناتے ہیں البتہ ماہرین کے مطابق پرندوں کی کچھ انواع ایسی ہیں کہ اگر کسی سیزن میں پرندوں کا کوئی جوڑا وقت پر گھونسلہ بنانے میں ناکام ہو جائے تو ایسی صورت میں وہ کوئی پرانا گھونسلہ دوبارہ استعمال کر لیتا ہے۔ پرندوں کی کچھ اقسام ایسی بھی ہیں جو سال میں ایک سے زائد مرتبہ انڈے دیتی ہیں اور ایسی انواع میں سے بھی کچھ کو اپنے گھونسلے دوبارہ استعمال کرتے مشاہدہ کیا گیا ہے۔
ہر نیا گھونسلا نئے مقام پر
یونیورسٹی آف ایلنوئے میں ارتقائی ایکولوجی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی تحقیق میں مصروف سارہ وینیکی سمتھ کے مطابق پرندے عام طور پر گھونسلہ بنانے کے لیے بار بار جگہ تبدیل کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک چڑیا کو نیا گھونسلہ اپنے پرانے گھونسلے سے تین میل دور بناتے مشاہدہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئل بھی بریڈنگ سیزن ختم ہونے کے بعد اپنا گھونسلا چھوڑ دیتی ہیں۔ سارہ وینیکی سمتھ کے مطابق درختوں کے تنوں کے سوراخوں میں گھونسلہ بنانے والے بعض پرندے انہی درختوں کی جانب لوٹتے تو ہیں تاہم پرانے سوراخ ہی میں دوبارہ انڈے نہیں رکھتے۔
وینیکی سمتھ کا کہنا تھا کہ ہمنگ برڈ جو ایک ہی برس میں ایک سے زائد مرتبہ انڈے سیتے ہیں، وہ بھی گھونسلے تبدیل کرتے دیکھے گئے ہیں۔ تاہم وینیکی سمتھ کا کہنا تھا کہ اگر کسی گھونسلے کا مقام بہت اچھا ہو تو بعض صورتوں میں مادہ ہمنگ برڈ کو نیا گھونسلہ پرانے گھونسلے کے اوپر بناتے مشاہدہ کیا گیا ہے۔ یعنی جب وہ ایک جانب انڈوں سے نکلنے والے بچوں کو غذا فراہم کر رہی ہوتی ہے، ٹھیک اسی وقت وہ نیا گھونسلہ بنانے کا کام بھی کرتی ہے۔
ایک ہی گھونسلہ دوبارہ استعمال کرنے والے پرندے
پرندوں کی تاہم کچھ اقسام ایسی ہیں، جو ایک ہی گھونسلا دوبارہ استعمال کرتی مشاہدہ کی گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے پرندے، جو بند ماحول میں گھونسلہ بناتے ہیں مثلاﹰ بلو برڈ یا ہاؤس رینز وہ درختوں کے تنوں کے سوراخ کو دوسری مرتبہ استعمال کر لیتے ہیں۔ تاہم ایسی صورت میں بھی وہ پہلے گھونسلے کے پرانے مواد کو صاف کرتے ہیں اور اسی جگہ پر کیچڑ اور تنکوں کی نئی تہیں لگاتے ہیں۔
عموماﹰ بڑے پرندے مثلاﹰ عقاب وغیرہ ایک ہی گھونسلہ دوبارہ استعمال کرتے ہیں مگر یہ پرندے ایک برس میں فقط ایک مرتبہ بریڈنگ سیزن سے گزرتے ہیں۔