1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن جوتا کھانے سے بال بال بچ گئیں

مقبول ملک11 اپریل 2014

سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن جمعرات کی شام امریکی شہر لاس ویگاس کے ایک ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران اس وقت جوتا کھانے سے بال بال بچ گئیں جب ایک عورت نے سابق خاتون اول کی طرف جوتا پھینکا لیکن وہ انہیں نہ لگا۔

https://p.dw.com/p/1BgDz
تصویر: Reuters

سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن جمعرات کی شام امریکی شہر لاس ویگاس کے ایک ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران اس وقت جوتا کھانے سے بال بال بچ گئیں جب ایک عورت نے سابق خاتون اول کی طرف جوتا پھینکا لیکن وہ انہیں نہ لگا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی خفیہ سروس کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ یہ جوتا سٹیج پر موجود سابق امریکی صدر بل کلنٹں کی اہلیہ کی طرف پھینکا گیا لیکن وہ قدرے دور ہونے کی وجہ سے یکدم ایک طرف ہو کر اس جوتے کا نشانہ بننے سے بچ گئیں جس کے بعد انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھی۔

USA Hillary Clinton in Las Vegas Schuhattacke
اپنی طرف جوتا پھینکے جانے کے بعد ہلیری کلنٹن نے تقریر جاری رکھی تو بہت سے حاضرین تالیاں بجاتے ہوئے کھڑے ہو گئےتصویر: picture-alliance/dpa

ترجمان کے مطابق جوتا پھینکنے والی خاتون لاس ویگاس کے منڈالے بے ہوٹل میں ہونے والی تقریب کے لیے باقاعدہ طور پر مدعو مہمانوں میں شامل نہیں تھی۔

’’اس خاتون کو خفیہ سروس کے اہلکاروں اور ہوٹل کے سکیورٹی گارڈز نے دیکھ لیا تھا، اور جیسے ہی وہ اس کے قریب پہنچے، اس خاتون نے ہلیری کلنٹن کو نشانہ بنانے کے لیے ایک جوتا دے مارا۔ اس پر اس خاتون کو فوراﹰ حراست میں لے لیا گیا۔‘‘

بعد ازاں 66 سالہ ہلیری کلنٹن کی طرف پھینکے گئے اس جوتے کی جو فوٹیج KTNV-TV نے نشر کی، وہ دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کے الیکٹرانک میڈیا میں پھیل گئی۔ اسی شہر سے شائع ہونے والے جریدے لاس ویگاس ریویو جرنل کے مطابق ہلیری کلنٹن جس تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، وہ دھاتوں کی ری سائیکلنگ کے موضوع پر ہونے والی ایک کانفرنس تھی، جس میں ایک ہزار کے قریب مندوبین شریک تھے۔

اس واقعے کے بعد سابق امریکی وزیر خارجہ نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’کیا کسی نے میری طرف کچھ پھینکا ہے۔ میرے خدا! مجھے یہ علم نہیں تھا کہ ٹھوس کوڑے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا موضوع اتنا متنازعہ ہے۔‘‘

George W Bush Schuhattacke
بغداد میں جارج ڈبلیو بُش اپنی طرف پھینکے گئے جوتے سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے، فائل فوٹوتصویر: AP

اس کانفرنس کا اہتمام کرنے والے ادارے انسٹیٹیوٹ آف سکریپ ری سائیکلنگ انڈسٹریز ISRI کے ترجمان مارک کارپینٹر نے بعد ازاں کہا کہ اس خاتون کا اس کانفرنس یا اس کے منتظمین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے بقول جوتا پھینکنے والی خاتون نے ہال میں داخل ہو کر جب اسٹیج کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو اسے وہاں موجود ایک اہلکار نے روکنے کی کوشش بھی کی لیکن تب تک یہ خاتون ہلیری کلنٹن کی طرف جوتا پھینک چکی تھی۔

دنیا کے کئی ملکوں میں سیاستدانوں کی طرف جوتے پھینکنے کو احتجاج کا ایک انداز سمجھا جاتا ہے۔ 2008ء میں سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش پر بھی اس وقت ایک جوتا پھینکا گیا تھا جب وہ بغداد میں عراقی وزیر اعظم کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی تیاریوں میں تھے۔

ہلیری کلنٹن گزشتہ برس امریکی وزیر خارجہ کے طور پر اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئی تھیں اور انہوں نے اس ہفتے کے اوائل میں ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک مارکیٹنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 2016ء کے امریکی صدارتی الیکشن میں دوبارہ امیدوار بننے پر غور کر رہی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں