1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں برفباری اور شدید سردی کی لہر

2 دسمبر 2010

یورپ کے شمالی علاقوں میں شدید برفباری نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ متاثرہ شہروں میں بدھ کو ہوائی اڈے بند رہے جبکہ ٹریفک بھی رکی رہی۔ سردی کی شدید لہر کے باعث 13 بے گھر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/QNiH
اس مرتبہ یورپ میں ریکارڈ سردی پڑ رہی ہےتصویر: AP

برفباری کے باعث بدھ کو فرانس، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ میں متعدد ایئرپورٹ بند رہے جبکہ جرمنی اور سپین کے ہوائی اڈوں پر درجنوں پروازیں متاثر ہوئیں۔ سپین کے وزیر اعظم خوسے لوئس سپاتیرو کو بھی اس وقت پروازوں میں تاخیر کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جب وہ فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ممالک کی ووٹنگ کے لئے زیوریخ روانہ ہونے والے تھے۔

برطانیہ میں گیٹ وِک اور ایڈنبرگ کے ہوائی اڈے، سوئٹزرلینڈ میں جنیوا ایئرپورٹ اور جنوبی فرانس میں لیون برون کا ہوائی اڈہ برفباری کی وجہ سے بند رہا۔ جرمن شہروں فرینکفرٹ اور میونخ، آسٹریا میں ویانا جبکہ چیک جمہوریہ میں پراگ کے ہوائی اڈے پر فلائٹوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔

Verkehrschaos in Deutschland Flash-Galerie
شدید برفباری کے نتیجے میں ٹریفک متاثر ہو رہی ہے جبکہ حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا ہےتصویر: picture alliance/dpa

جرمنی کے کئی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو گئیں، پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ سکول بھی بند رہے۔ جرمن اخبار بِلڈ کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ ملک میں صدیوں بعد شدید ترین سردی سے موسم سرما کا آغاز ہوا ہے۔ ملک کے بعض شہروں میں درجہ حرارت منفی اٹھارہ تک پہنچ گیا ہے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں درجہ حرارت منفی 23 سے بھی نیچے ہے۔ وہاں 1931ءکے بعد یکم دسمبر کو پہلی مرتبہ اس قدر شدید سردی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پولینڈ میں درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ آٹھ بے گھر افراد کی موت کے بعد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کھلے عام بے گھر افراد کی موجودگی کی اطلاع دیں۔ چیک جمہوریہ میں تین جبکہ لیتھوینیا میں بھی دو بے گھر افراد سردی کے باعث چل بسے۔

برطانیہ میں برفباری کے باعث متعدد سکول بھی بند رہے۔ لندن کو پیرس اور برسلز سے ملانے والی ریل سروس یورو سٹار کے مسافروں کو ایک گھنٹے تک کی تاخیر کا سامنا رہا۔

Verkehrschaos in Deutschland Flash-Galerie
جرمنی میں موسم سرما کے آغاز پر ہی کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی اٹھارہ تک پہنچ گیا ہےتصویر: dapd/Presse-Nord - B. Langer

شدید سردی کی وجہ سے گیس اور بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے یورپ کی توانائی کی مارکیٹوں میں قیمیتں بھی بڑھ گئی ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں