1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنوڈن کے لیے روس میں سياسی پناہ میں تين سال کی توسيع

عصمت جبیں7 اگست 2014

امریکی خفیہ ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کو روس میں دی جانے والی عارضی سیاسی پناہ میں تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ بات آج جمعرات کو ماسکو میں بتائی گئی۔

https://p.dw.com/p/1CquY
تصویر: picture-alliance/dpa

امريکا کی طرف سے عالمی سطح پر کی جانے والی وسیع تر الیکٹرانک جاسوسی کا راز این ایس اے کے اسی سابقہ کنٹریکٹر نے فاش کیا تھا۔ ان کے روسی وکيل نے آج ماسکو ميں ايک پريس کانفرنس کے دوران بتايا کہ ماسکو حکومت نے ایڈورڈ سنوڈن کو دی گئی روس میں عارضی قیام کی مدت میں تین سال کی توسیع کر دی ہے۔ گزشتہ برس انہیں یہ عارضی اجازت صرف ایک سال کے لیے دی گئی تھی۔ سنوڈن کے وکیل کے بقول نیشنل سکیورٹی ایجنسی سے متعلق راز افشا کرنے والے اور واشنگٹن حکومت کو مطلوب اس امریکی شہری کو اب یہ اجازت بھی دے دی گئی ہے کہ وہ روس کے اندر داخلی سطح پر اور بيرون ملک بھی سفر کر سکتے ہيں۔

سنوڈن کے وکیل اناطولی کوچےرینا نے صحافیوں کو بتایا کہ این ایس اے کے اس سابقہ کنٹریکٹر کی روس میں قیام کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع بھی ممکن ہے۔ اس کے علاوہ روس میں قانونی طور پر پانچ سال تک قیام کے بعد ایڈورڈ سنوڈن اگر چاہیں تو وہ روسی شہریت حاصل کرنے کے بھی اہل ہوں گے۔

Edward Snowden Asyl in Russland
ایڈورڈ سنوڈن کی عمر اس وقت اکتیس برس ہےتصویر: REUTERS

ایڈورڈ سنوڈن کی عمر اس وقت اکتیس برس ہے اور وہ امریکا کی طرف سے دنیا بھر میں الیکٹرانک جاسوسی سے متعلق راز افشا کرنے کے چند ہفتے بعد جون 2013ء ميں روس پہنچے تھے۔ شروع میں وہ چند ہفتے ماسکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرانزٹ ایریا میں ہی مقیم رہے تھے۔ پھر ماسکو حکومت نے انہیں ان کی درخواست پر روس میں عارضی طور پر سیاسی پناہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ تب سنوڈن کو ایک سال کے لیے روس میں پناہ دی گئی تھی۔ یہ ایک سالہ مدت گزشتہ مہینے اکتيس جولائی کو ختم ہو گئی تھی۔

اناطولی کوچےرینا نے صحافیوں کو بتایا کہ سنوڈن کے روس میں مزید تین سال کے لیے رہائش کے اجازت نامے کی مدت یکم اگست سے شروع ہو چکی ہے اور وہ اپنے بارے میں ایسا کوئی بھی فیصلہ کرنے میں مکمل طور پر آزاد ہیں کہ مستقبل میں وہ روس میں ہی رہنا چاہیں گے، بیرون ملک سفر کے خواہش مند ہوں گے یا اپنے آبائی وطن امریکا لوٹنا چاہیں گے۔

سنوڈن کے وکیل نے بغیر کوئی تفصیلات بتائے کہا کہ ایڈورڈ سنوڈن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک اعلیٰ درجے کے ماہر ہیں اور وہ اسی شعبے سے متعلق ایک ملازمت بھی کر رہے ہیں۔

کوچےرینا کے بقول ایڈورڈ سنوڈن روسی زبان بھی سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنوڈن کی سکیورٹی کے بارے میں بہت سنجیدگی سے کام لیا جا رہا ہے اور ایڈورڈ سنوڈن پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز استعمال کر رہے ہیں۔

ابھی تک اس بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ ایڈورڈ سنوڈن ماسکو میں یا روس کے کسی دوسرے شہر میں کہاں رہائش پذیر ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران روسی یا بین الاقوامی میڈیا میں ان کی نئی تصاویر بھی بہت ہی کم تعداد میں سامنے آئی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید