فیس بک پر رنگ گورا کرو، لڑکیوں میں مقبول ہوجاؤ
15 جولائی 2010ویزلین نامی اس سکن کیئر کمپنی کی تیار کردہ فیس بک اپلیکیشن کا مقصد رنگ گورا کرنے والی اپنی ان مصنوعات کی تشہیر ہے جو وہ مردوں کیلئے تیار کی گئی ہے۔
سال 2009ء میں شادی ڈاٹ کام نامی ڈیٹنگ ویب سائٹ پر شمالی بھارت کے تین صوبوں سے تعلق رکھنے والے 12 ہزار افراد سے ایک سروے کیا گیا۔ جس کے مطابق لوگ جب اپنا جیون ساتھی چنتے ہیں تو ان کی نظر میں جلد کی رنگت بھی ایک اہم معیار ہوتا ہے۔
ویزلین نامی کپمنی کی طرف سے مردوں کے لئے تیار کی جانے والی مصنوعات کی تشہیری مہم اور فیس بک اپلیکیشن میں بھارتی فلم سٹار شاہد کپور کا چہرہ دکھایا گیا ہے جس کا آدھا حصہ ویزلین اپلیکیشن کے استعمال کے بعد نسبتاﹰ گورا دکھائی دے رہا ہے۔
ویزلین مین نامی اس کریم کے لئے تشہیری مہم بنانے والی اور اسی حوالے سے فیس بک اپلیکیشن متعارف کروانے والی کمپنی اومنی کام کے پنکج پریہار کا کہنا ہے کہ جون کے دوسرے ہفتے میں چلائی جانے والی اس مہم کے حیران کن نتائج سامنے آرہے ہیں۔
بھارت میں مردوں کے لئے رنگ گورا کرنے والی مصنوعات سب سے پہلے سال 2005ء میں امامی نامی کاسمیٹک کمپنی نے متعارف کرائی تھیں۔ جس کے بعد اب تک نصف درجن سے زائد کمپنیاں مردوں کے لئے رنگ گورا کرنے والی مصنوعات مارکیٹ میں لاچکی ہیں۔
رپورٹ : افسر اعوان
ادارت : کشورمُصطفیٰ