1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی پارلیمانی انتخاب، کٹر قدامت پسند آگے

2 مارچ 2024

ایران میں پارلیمانی انتخابات کے بعد ہفتے کے روز ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ان انتخابات میں مجلس شوریٰ کی 290 اور مجلس علماء (خبرگان رہبری) کی 88 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی۔

https://p.dw.com/p/4d6cB
Iran Wahlen
تصویر: Hossein Beris/Middle East Images/AFP/Getty Images

ایران میں گزشتہ برس وسیع تر حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ان انتخابات کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ حکومتی کوشش تھی کہ عوام کی بڑی تعداد انتخابات میں شریک ہو تاہم مقامی میڈیا کے مطابق ان انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کم رہا۔

ایران میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں

ایرانی پارلیمانی الیکشن، کسی تبدیلی کی کوئی امید بجا ہے؟

ایران میں ہفتے کے روز بیلٹس کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے ان انتخابات میں قدامت پسند برتری لے سکتے ہیں۔ جمعے کے روز منعقد ہونے والے انتخابات 22سال کرد نسل ایرانی نوجوان لڑکی مہسا امینی کی زیرحراست ہلاکت اور شدید عوامی مظاہروں کے بعد پہلے عام انتخابات ہیں۔

ہزاروں امیدوار میدان میں

ان انتخابات میں پارلیمان کی 290 نشستوں پر انتخاب کے لیے 15200 امیدوار میدان میں اترے، جب کہ علماء کی مجلس کی 88 نشستوں پر 144 افراد کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیان شب ووٹنگ کا عمل اختتام کو پہنچا، جب کہ اس وقت ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کا کہنا ہےکہ ان انتخابات میں 61 ملین اہل ووٹروں میں سے 'چالیس فیصد سے زائد‘ نے اپناحق رائے دہی استعمال کیا۔ صدر ابراہیم رئیسی نے بھی عوامی کی 'پرعزم شرکت‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'ایران کے دشمن ایک اور تاریخی ناکامی سے دوچار ہوئے‘۔

Iran | Wahlen
ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای اپنا ووٹ ڈالتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

دوسری جانب اصلاحات پسند ہم مِہن نامی روزنامے نے'خاموش اکثریت‘ کے عنوان سے کالم شائع کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس بار انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ پچھلے انتخابات کی نسبت کم رہا۔

2020ء میں کووڈ کی عالمی وبا کے دنوں میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 42.57 رہا تھا، جسے ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد کا سب سے کم ٹرن آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

تہران میں کٹرنظریات والوں کی برتری

ایرانی دارالحکومت تہران میں انتہائی سخت گیر نظریات کے حامل امیدواروں کے اتحاد نے شہر کی 30 میں سے 17 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس اتحاد کی قیادت حامد رئیسی کر رہے ہیں۔ بتایا گیا  ہے کہ تہران میں ووٹر ٹرن آؤٹ تقریبا 24 فیصد تھا۔

ایران میں سیاسی نظام نظریاتی اور جمہوری حصوں پر مشتمل ہے۔ ایران کی محافظوں کی کونسل عام سیاست دانوں کی نظریاتی جھکاؤ کے تعین کے بعد انہیں انتخابات میں شرکت کی اجازت دیتی ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یہی وجہ ہے کہ یہ کونسل انہی امیدواروں کو انتخابات میں شرکت کی اجازت دیتی ہے، جن کے بارے میں رائے یہ ہو کہ وہ نظام کے وفادار ہوں گے۔

ع ت/ا ب ا (ڈی پی اے)