1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برفباری کے باعث فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر سینکڑوں پروازیں منسوخ

19 دسمبر 2010

جرمنی میں شدید برفبار ی کے نتیجے میں اس کے مصروف ترین فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر اتوار کو تقریباﹰ 500 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ برفباری کا سلسلہ یورپ کے مختلف ممالک میں جاری ہے، جس سے ایئرٹریفک کا نظام بُری طرح متاثر ہے۔

https://p.dw.com/p/Qfrp
فرینکفرٹ ایئرپورٹتصویر: AP

فرینکفرٹ ایئرپورٹ کی ایک ترجمان نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ابھی تک 490 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’دوپہر سے برفباری کے تازہ سلسلے کا خدشہ ہے، جو رات گئے تک جاری رہ سکتا ہے۔’

ترجمان نے کہا کہ اس صورت حال میں اتوار کے لئے شیڈول تقریباﹰ 13سو پروازوں میں سے مزید بھی منسوخ کی جا سکتی ہیں۔

پروازوں کی منسوخی کے باعث فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے۔ ایئرپورٹ ٹرمینلز پر مسافروں کے قیام کے لئے بیڈ لگا دئے گئے تھے، جہاں بیشتر نے گزشتہ رات بسر کی۔ بعض مسافر گزشتہ دو راتوں سے اپنی پروازوں کا انتظار کر رہے ہیں۔

NO FLASH UK Flughafen Schnee
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہےتصویر: AP

جرمن ایئرلائن لفتھانزا نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ اندرون ملک سفر کے لئے ٹرینیں استعمال کریں۔ تاہم موسم کی شدت کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہے۔

قبل ازیں جمعہ اور ہفتہ کو بھی شدید برفباری کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ ایسی ہی صورت حال کا سامنا یورپ کے دیگر مصروف ہوائی اڈوں کو بھی ہے۔ چونکہ موسم سرما کی چھٹیوں اور کرسمس سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور اسی وجہ سے ان دِنوں زیادہ لوگ سفر کرتے ہیں، اس لئے مسافروں کی مشکلات بھی زیادہ ہیں۔

اتوار کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ برفباری کے باعث یورپ کے اس مصروف ہوائی اڈے پر بیشتر رن ویز بلاک پڑی ہیں، جس کی وجہ سے چند پروازوں کو ہی ٹیک آف کا موقع دیا جا رہا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر سے یہ ہوائی اڈہ پوری طرح آپریشنل ہو جائے گا۔

دوسری جانب پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لئے روانہ ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی ایک پرواز کو خراب موسم کے باعث پیرس رکنا پڑا ہے جبکہ اتوار کو لاہور سے لندن کے لئے روانہ ہونے والی ایک دوسری پرواز بھی جرمنی میں پھنسی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس مرتبہ یورپ میں برفباری کا سلسلہ معمول سے کچھ پہلے نومبر کے اواخر میں ہی شروع ہو گیا۔ اس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی بدستور درہم برہم ہے اور سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا مسافروں کو ہی کرنا پڑ رہا ہے۔

Flugverbot Flughafen Vulkan Flash-Galerie
فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر مسافروں کو آرام کے لئے بیڈ فراہم کئے گئے ہیںتصویر: AP

بتایا جاتا ہے کہ جرمنی میں صدیوں بعد شدید ترین سردی سے موسم سرما کا آغاز ہوا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں