1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ایٹ کا اجلاس اور عالمی معاملات پر بحث

27 مئی 2011

فرانس کے سیاحتی مقام دوول میں جاری گروپ ایٹ کے دو روزہ اجلاس میں آج جمعہ کے روز کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ عرب دنیا کے لیے اربوں ڈالر کی امداد سیاسی اصلاحات سے نتھی کرنے کا اشارہ بھی سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11OrC
جی ایٹ کی سمٹ کا کمرہتصویر: dapd

آج جمعہ کے روز عرب دنیا کے لیے اربوں ڈالر کی امداد کی منظوری بھی دی جا سکتی ہے لیکن یہ امداد جمہوری اور دیگر سیاسی اصلاحات کے ساتھ منسلک کرنے کے اشارے بھی سامنے آئے ہیں۔ آج گروپ جی ایٹ کے سربراہان کے ساتھ مصر اور تیونس کے وزرائے اعظم کی ملاقات بھی شیڈیول ہے۔ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم فرانس پہنچ چکے ہیں۔

جمعرات کے روز جی ایٹ کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں عرب اور شمالی افریقہ کے بارے میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی خصوصی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اس رپورٹ میں ان خطوں کے اندر بنیادی تبدیلیوں کا تفصیل سے احاطہ کیا گیا تھا۔ ایسے امکانات سامنے آئے ہیں کہ 160 ارب ڈالر کی امداد کی منظوری دی جائے گی، جو اگلے تین سالوں کے دوران تقسیم کی جائے گی۔ عالمی بینک نے بھی مصر اور تیونس کے لیے چھ ارب ڈالر کے خصوصی فنڈ کا اعلان ابھی پچھلے منگل کو کیا تھا۔ عالمی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ کے عرب ممالک اور شمالی افریقی ملکوں کو پائیدار ترقی کے لیے اگلی دہائی میں روزگار کے پچھتر ملین نئے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔

NO FLASH G8 Gipfel Frankreich Mai 2011
فرانسیسی صدر سارکوزی اور جرمن چانسلر میرکل جی ایٹ کے اجلاس کے دورانتصویر: dapd

سفارتکاروں کے مطابق جی ایٹ کے اجلاس کے دوسرے دن مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے یورپی بینک برائے تعمیر نو اور ترقی کے مینڈیٹ میں توسیع کا امکان ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے اس توسیع کی حمایت کردی ہے۔ یہ خصوصی ترقیاتی بینک سرد جنگ کے خاتمے پر سابقہ سوویت یونین کے زوال کے بعد سن 1991 میں قائم کیا گیا تھا۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اجلاس میں عرب دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ گروپ ایٹ ان کے ملکوں میں جمہوریت کے فروغ اور استحکام کی مدد کے ساتھ ان کی اقتصادیات کی مضبوطی میں بھی معاون ہو گا۔

گروپ ایٹ کی سمٹ کے پہلے روز یمن کے بحران پر بھی خاص طور پر توجہ دی گئی۔ امریکہ، کینیڈا اور فرانس نے یمنی صدر علی عبداللہ صالح پر زور دیا کہ وہ اقتدار سے فوری طور پر دستبردار ہو جائیں۔

جی ایٹ کے سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر باراک اوباما اور جاپانی وزیر اعظم ناؤتو کان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر نے جاپان کے لیے ہر ممکن امداد کے یقین کا اظہار کیا۔ دوول میں جاری صنعتی اور ترقی یافتہ ممالک کے گروپ آف ایٹ کے اجلاس میں جاپان میں زلزلے اور سونامی سے ہونے والی تباہی کے بعد جاری بحالی کے عمل پر بھی بات کی گئی۔

مصر کے وزیر اعظم عصام شرف نے جمعرات کے روز دوول میں جاری جی ایٹ کے سربراہان سے اپنے ملک کے لیے بین الاقوامی برادری کی بھرپور حمایت کی اپیل کی اور کہا کہ اسی طرح وہاں جمہوریت کو استحکام حاصل ہو سکے گا۔ گزشتہ روز شرف نے فرانسیسی وزیر اعظم سے پیرس میں ملاقات کی تھی۔ شرف کے مطابق مضبوط مصر سے مراد مضبوط خطہ ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جی ایٹ اور مصر ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہیں کیونکہ اس خطے میں مصر کو ایک مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں