1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا نے پاکستانی فٹ بال فیڈریشن پر عائد پابندی ختم کر دی

عابد حسین
15 مارچ 2018

فیفا نے بدھ چودہ مارچ کو پاکستانی فٹ بال فیڈریشن کی معطلی کو ختم کر دیا ہے۔ اس تنظیم کو گزشتہ برس اکتوبر میں ہر طرح کی سرگرمیوں میں شرکت کرنے سے محروم کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2uLnj
Pakistan Fußball Ankunft Spitzensportler
تصویر: DW/T. Saeed

پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے فٹ بال کی نگرانی کرنے والے بین الاقوامی ادارے فیفا کے اُس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے تحت فیڈریشن کی معطلی ختم کرتے ہوئے اُس کی ملکی اور غیر ملکی سرگرمیوں میں شرکت کو بحال کر دیا ہے۔ فٹ بال کی پاکستانی تنظیم کو شدید داخلی مسائل کا سامنا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پہلی بار پاکستان میں

فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو معطل کر دیا

زندہ دلوں کے شہر لاہور میں رونالڈینیو کا شاندار کھیل

ہنزہ کی دل فریب وادی میں لڑکیوں کا فٹ بال میچ

انہی داخل مسائل میں شدت پیدا ہونے پر ایک پاکستانی عدالت نے فٹ بال فیڈریشن کا انتظام سنبھالنے کے لیے ایک ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا تھا۔ ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی فیفا کی بنیادی پالیسی کے منافی تھی کیونکہ عالمی ادارہ یہ پالیسی رکھتا ہے کہ کسی بھی ملک کی فٹ بال فیڈریشن کو اپنے انتظامی امور بغیر حکومتی مداخلت کے، آزادانہ طور پر چلانے ہوتے ہیں۔

فیفا نے اس معطلی کو اُس وقت ختم کرنے کا کہا تھا، جب پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے اندرونی و داخلی معاملات میں بیرونی انتظام کاروں کی مداخلت ختم کر دی جائے گی اور فیڈریشن کا کنٹرول پوری طرح بااختیار اہلکاروں کو تفویض کر دیا جائے گا۔ عالمی ادارے کے مطابق پاکستانی فیڈریشن کے منجمد اکاؤنٹس بھی اِسی صورت میں بحال کرنے کا وعدہ دیا گیا تھا۔

Pakistan FIFA World Cup Trophy | Christian Karmbeu
گزشتہ برس فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان میں بھی لائی گئی تھیتصویر: DW/T. Saeed

پاکستانی عدالت نے ایڈمنسٹریٹر کو ہٹاتے ہوئے سابقہ صدر مخدوم فیصل صالح حیات کو بحال کر دیا ہے۔ حیات نے فیفا کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ فیفا کے فیصلے کے بعد پاکستانی فیڈریشن کے منجمد اکاؤنٹس کی بحالی بھی جلد ہو جائے گی۔

پاکستان کی آخری بین الاقوامی سرگرمی سن 2015 میں تھی، جب اس نے یمن کے خلاف فٹ بال میچ کھیلا تھا۔ گزشتہ برس فیفا کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی اور فیڈریشن کی معطلی سے پاکستانی فٹ بال کو شدید نقصان پہنچا تھا کیونکہ بین الاقوامی ٹریننگ کی سہولیات بھی ختم ہو کر گئی تھیں۔

پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کی اگلی انٹرنیشنل کمٹمنٹ ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈرشن کپ میں شرکت ہے۔ یہ فٹ بال چیمپئن شپ ستمبر سن 2018 میں بنگلہ دیش کی میزبانی میں منعقد کی جا رہی ہے۔ پلان کے مطابق یہ ٹورنامنٹ دسمبر سن 2017 میں کھیلا جانا تھا لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔